اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ،سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینا قوم کیساتھ مذاق ہے ۔
وزیراعظم کی جانب سے وزرا کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تین سالا کارکردگی بدانتظامی، کرپشن اور ناکامیوں سے بھری ہوئی ہے، کون سی وزارت ہے جس کی وجہ سے ملک میں بحران پیدا نہیں ہوا؟
ہر وزارت میں بحرانی صورتحال ہے، معیشت، خوراک، پیٹرولیم، توانائی، خارجہ، داخلہ، صحت اور دیگر تمام وزارتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، وزیراعظم گالم گلوچ اور الزام تراشی کی بہترین کارکردگی پر وزرا کو ضرور تعریفی سرٹیفکیٹ دے سکتے ہیں، وزرا اور حکومت کی کارکردگی پر اب عوام ووٹ کے ذریعے اپنی رائے دیںگے۔