فتح جنگ(صباح نیوز)پاکستان میںمہنگی بجلی کے باعث ملک بھر کی طرح فتح جنگ اور اس کے ملحقہ علاقوں میںبھی سولر پینل کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔گھریلو استعمال کے علاوہ کاروباری مراکز میں بھی سولر سسٹم نصب کئے جا رہے ہیں۔
ملک بھر میں صاحب استطاعت حضرات کا سولر سسٹم کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے ۔عوام دوسرے ذرائع سے بجلی لینے کی بجائے سولر پینل کو ترجیح دے رہے ہیں۔فتح جنگ اور اس کے دیہی علاقوں میں پیٹرولیم پمپس،ہوٹلز،شاپنگ سینٹرزاورمساجد بھی سولر سسٹم پر منتقل کی جا رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے سولر پینل پر ٹیکس کم ہونے کے باعث سولر پینل کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے مگر وہیں عوام سولر انورٹرز اور بیٹریوں کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کی شکایت کرتی بھی نظر آتی ہے۔
گھریلو صارفین کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر کوئی ایسا پروگرام لایا جائے کہ سولر سسٹم ہرغریب گھرانے تک باآسانی پہنچ سکے۔ادھر سولر ڈیلرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سولر پینلز کی قیمتوں میں کافی کمی ہوئی ہے۔ سولر پینلز درآمد کرانے پر انہیں نمایاں منافع حاصل ہوا ہے۔ غریب طبقہ بجلی کے بڑھتے بلوں اور لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکرسولر سسٹم کی طرف منتقل ہورہا ہے۔ بیٹریاں اور انورٹرز کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کے حوالے سے ڈیلرز نے کہا کہ انورٹرز اور بیٹریوں کی قیمتوں کا انحصار عالمی مارکیٹ پر منحصر ہے ،پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے باعث بھی ان کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، عالمی سطح پر صرف سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ انورٹرز اور بیٹریوں کی قیمتوں میں کوئی خاص فرق نہیں آیا ہے۔