اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات روک دیئے۔
عدالت نے لوکل گورنمٹ آرڈیننس کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اختیارات کو معطل کردیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو آرڈیننس پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت درخواست گزاروں نے بتایا کہ جب الیکشن ہوجائے گا تو آرڈیننس خود بخود ختم ہو جائے گا۔
عدالت نے استفسارکیا کہ اگر آرڈیننس ختم ہوجائے تو کیا کہانی ختم ہو گئی، کیا اس مرحلہ پر آرڈیننس کو معطل کیا جاسکتا ہے۔ اس پر وکلاء نے کہاکہ آرڈیننس کو معطل نہیں کیا جاسکتا تاہم ایکسرسائز کو روکا جاسکتا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ اگر آرڈیننس معطل نہیں کرسکتے تو سسٹم کیسے معطل کریں گے۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات روک دیئے ۔