پاکستان کے ایٹمی اثاثہ جات عالم اسلام کی امانت ہیں، ڈاکٹر فریداحمدپراچہ

لاہو ر(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فریداحمدپراچہ نے کہا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خاں مرحوم نے پاکستان کی سالمیت و استحکام کے سلسلہ میں لازوال تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے اور ان کا نام پاکستان کی قومی تاریخ میں ہمیشہ جگمگاتا رہے گا اور پاکستان کے ایٹمی اثاثہ جات عالم اسلام کی امانت ہیں۔ وہ 10اکتوبر کوڈاکٹر عبدالقدیر خاں کے یوم وفات کے حوالہ منصورہ میں ایک اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خاں دور طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے بھی وابستہ رہے، ان کے جماعت اسلامی کے اکابرین قاضی حسین احمد، سید منور حسن  و دیگر کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ان پر پابندیوں کے خلاف سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اور جلسوں مظاہروں، کانفرنسوں کے ذریعہ آواز بلند کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خاں کی بلندیء درجات کے لیے دعائیں کی گئیں۔