ایران ہر لمحہ اسرائیل کو نیست و نابود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ایرانی پاسدارن انقلاب کا اسرائیل کے خلاف فیصلہ کن پیغام

تہران (صباح نیوز) ایرانی پاسدارن انقلاب کے مشیر نے خبردار کیا ہے کہ ایران ہر لمحہ اسرائیل کو نیست و نابود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایران نے آپریشن ‘الوعد الصادق’ میں 200 میزائل داغے ہیں اور مزید ہزاروں میزائل لانچ کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایران صہیونی ریاست کے عسکری، سیکورٹی، اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔مشیر نے مزید کہا کہ امریکہ ہم سے جنگ چھیڑنے کی جرات نہیں کر سکتا، کیونکہ ہماری جغرافیائی پوزیشن وسیع ہے۔ اگر کسی مقام سے ہمیں نشانہ بنایا گیا تو ہم کسی اور مقام سے حملہ کر سکتے ہیں۔ اسرائیل کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ اگر اس نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو ایران اسے پلک جھپکتے ہی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

علاو ہ ازیں ایرانی میڈیا کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی خیریت سے ہیں۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم نے پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسماعیل قاآنی کو جلد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے  نشان فتح دیا جائے گا۔اس سے قبل سینئر ایرانی حکام نے  برطانوی  خبررساں ایجنسی  کو بتایا تھا کہ 27 ستمبر کو بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد اسماعیل قاآنی لبنان گئے اور اس کے بعد سے وہ رابطے میں نہیں ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق ایک عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل کے جانب سے حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے حملوں کے وقت اسماعیل قاآنی بھی بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں موجود تھے تاہم اس وقت وہ ہاشم صفی الدین سے کسی ملاقات میں مصروف نہیں تھے۔تاہم اب اسماعیل قاآنی کے مشیر ابراہیم جباری نے تسنیم نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ اسماعیل قاآنی رو بہ صحت ہیں اور انہیں آنے والے دنوں میں نشان فتح سے نوازا جائے گا۔پیر کے روز قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر ارج مسجدی نے بھی اسماعیل قاآنی کے بیروت میں اسرائیلی حملے کی زد میں آنے کی تردید کی تھی۔۔