بنیامین نیتان یاہو اور ان کا قاتل جتھاخام خیالیوں کا شکار ہے۔رجب طیب ایردوان

 انقرہ(صباح نیوز)ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو اور ان کا قاتل جتھاخام خیالیوں کا شکار ہے اور نہایت خطرناک مہم جوئی شروع کرنے کو ہے۔ ہم ،ترکیہ کی سلامتی کی طرف سے ہرگز کوتاہی نہیں کریں گے۔ خواہ کسی بھی قیمت پر کیوں نہ ہو ہم اپنے علاقے کی اور اپنی زمین کی حفاظت کریں گے۔صدر ایردوان نے حزب اقتدار ‘جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ’ پارٹی کے  قومی اسمبلی گروپ اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں اور قتل عام کا حساب ہر گزرتے دن کے ساتھ بھاری ہوتا چلا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ جنگ کے پورے علاقے میں پھیلاو کا خطرہ بھی شدت پکڑتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ تقریبا ہر روز ایک نئی لکیر عبور ہو رہی اور علاقائی تناو  کی حدت  میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ سب حالات ہماری نگاہ میں  ہیں اور ہم، اپنے ملک و ملت کے تحفظ کے لئے، تمام تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔ اس وقت تک ہم نے اپنےملک کو علاقائی تناو سے ہمیشہ  بچا کر رکھا ہے۔ ہم نے ہمیشہ  جلتی پر تیل چھڑکنے والے نہیں آگ بجھانے والے بننے کی کوشش کی ہے اور آج بھی اسی موقف پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو اور ان کا قاتل جتھاخام خیالیوں کا شکار ہے اور نہایت خطرناک مہم جوئی شروع کرنے کو ہے۔ ترکیہ بخوبی جانتا ہے کہ کیا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم یہ بھی نہایت واضح شکل میں دیکھ رہے ہیں کہ ان کا آخری ہدف کیا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہم ،ترکیہ کی سلامتی کی طرف سے ہرگز کوتاہی نہیں کریں گے۔ خواہ کسی بھی قیمت پر کیوں نہ ہو ہم اپنے علاقے کی اور اپنی زمین کی حفاظت کریں گے اور اس کی چِیر پھاڑ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ترکیہ اتنا صاحبِ قدرت  ضرور ہے کہ علاقے میں پھیلاو اور قبضے  کی ہوس کو اور  اپنی زمین پر گڑھی حریص نظروں  کو ناکام و نامراد کر دے۔ میں دو ٹوک الفاظ میں کہہ رہا ہوں اور اس میں ہمیں ذرہ برابر بھی شبہ نہیں ہے کہ ارضِ موعودہ کے  ہذیان کا انجام ہزیمت و مایوسی پر ہو گا۔ اسرائیل ایک صیہونی
دہشت گرد تنظیم ہے۔