اسرائیلی مظالم کے 365دن،اہل غزہ سے اظہاریکجہتی کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کی پاکستان بھرمیں ریلیاں،سیمینارز، سمیت دیگرپروگرام

لاہور (صباح نیوز)فلسطین میں جاری ظلم اور بربریت کے 365 دن مکمل ہو نے پرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھرمیں غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلیاں،سیمینار،فلسطین فنڈریزنگ کیمپ کے قیام سمیت دیگرپروگرام کاانعقادکیا گیا جن میں فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور جنگ کے دوران شہید ہونے والے امدادی کارکنان، ڈاکٹرز، اساتذہ اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔الخدمت فاؤنڈیشن کا مرکزی پروگرام چھتری چوک میں منعقد ہوا جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری،سی ای اوخبیب بلال،ڈائریکٹرپروگرامزحماداختر، ڈائریکٹرمیڈیا اینڈمارکیٹنگ عمیر ادریس، سینئرمنیجر میڈیاریلیشنزشعیب ہاشمی سمیت ذمہ داران،رضاکاروں،ڈاکٹرز،صحافیوں،سول سوسائٹی کے ارکان سمیت زندگی کے نمایاں طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مرکزی سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری نے اس موقع پرشرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت نے اسرائیلی جارحیت کے پہلے دن ہی غزہ کے عوام کیلئے ریسکیواور ریلیف آپریشن کا آغاز کردیا تھا جومسلسل جاری ہے الخدمت اب تک 2707ٹن امدادی سامان غزہ کے بہن بھائیوں کوفراہم کرچکی ہے جس میں فوڈ پیکج،بستر،کمبل، خیمے، تیارکھانا،ادویات،سرجیکل وطبی سمیت دیگرامدادی اشیا شامل ہیں۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان،مصراور اردن کے مختلف راستوں کے ذریعے امدادی سامان غزہ پہنچایاجارہا ہے، پاکستان سمیت کچھ دیگر ممالک میں مقیم غزہ کے طلبہ وطالبات کی تعلیم کوجاری رکھنے کیلئے بھی الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنا کرداراداکیا اور ان طلبا کو اسکالرشپ سمیت دیگرضروریات کیلئے فنڈز فراہم کئے۔ سیدوقاص جعفری نے کہاکہ لاکھوں زخمیوں ا ورمریضوں کے لئے غزہ کے اندریا بارڈرکے قریب الخدمت فیلڈہاسپٹل کے قیام کیلئے مسلسل ورکنگ جاری ہے جلد اس پرعملدرآمد بھی ممکن ہوجائے گا۔غزہ میں 42ہزار افراد شہید،96ہزار افراد سے زائدزخمی،10ہزار سے زائد لاپتہ ہیں۔ہسپتال،تعلیمی اداروں،مساجد،گرجاگھروں پربھی حملے جاری ہیں اہل پاکستان غزہ کے معصوم بچوں،مردوخواتین اور بزرگوں کے تنہا نہیں چھوڑیں گے اوراخلاقی حمایت کے ساتھ ان تک امدادی سامان پہنچانے کاسلسلہ جاری رہے گا۔