امیر جماعت کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا

اسلام آباد(صبا ح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر میں پیر کو یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی کا ایک سال مکمل ہونے پر مختلف شہروں میں نکالے جانے والی ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ شرکا ء میں خواتین و بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ امیرجماعت حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں ہونے والے غزہ مارچ کی قیادت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو طوفان الاقصیٰ آپریشن کا ایک سال مکمل ہو گیا۔ چند ملکوں کو چھوڑ کر جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا سب اسرائیل کے ظلم پر آواز اٹھا رہے ہیں، امریکہ مسلسل اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر ہے ہزارہا مقامات، سکولوں، کالجز، دفاتر سے لوگ باہر نکل کر فلسطین کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ امیر جماعت نے کہا جماعت اسلامی اس وقت عوام کے حقوق کی تحریک چلا رہی ہے لیکن اس کے باوجود فلسطین کے اس اہم معاملے پر ہم نے حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے رابطے کیے اور ملاقاتیں کیں، سب سے فلسطین کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ حکومت نے ہماری درخواست پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں ہمارا وفد شریک ہوا۔

انہوں نے کہا اسرائیل اس وقت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے جس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ طوفان الاقصیٰ کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ اسرائیل 7 اکتوبر کے حماس کے حملے کے بعد پورے غزہ کو ملیا میٹ کر چکا ہے لیکن اس کے باوجود حماس کو شکست نہیں دی جا سکی۔ حماس نے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے نتیجے میں 7 اکتوبر کو اسرائیل کی ٹیکنالوجی اور اسکا آئرن ڈوم سسٹم ناکام کردیا۔ اسرائیل اپنی ناک کٹوانے پر ہار کا بدلہ لینے اور اپنے توسیع پسندانہ اقدامات کو آگے بڑھانے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔

حماس نے طوفان الاقصیٰ آپریشن اس لیے کیا کہ فلسطین  کوجیل بنا دیا گیا تھا، فلسطینیوں کے لیے معاشی ترقی کے راستے بند تھے اور لوگ قید ہو گئے تھے۔ اس وقت بھی امریکہ کے صدارتی امیدوار اپنی پوری انتخابی مہم اس بات پر چلا رہے ہیں کہ کون صہیونیت کے ان بڑھتے عزائم میں اسرائیل کی زیادہ مدد کر سکتا ہے۔ امریکہ مسلسل اسرائیل کو مالی و عسکری امداد پہنچا رہا ہے۔ امریکہ و اسرائیل کی جمہوریت تو یہ ہے کہ حماس جو فلسطین کے انتخابات جیتی اس کو آج تک حکومت نہیں کرنے دی گئی۔ حماس کے قانونی حق کو تسلیم نہیں کیا گیا اس لیے یہ مزاحمت جاری ہے لہذا مغرب جمہوریت کے جھوٹے دعوے کرنے کی بجائے لوگوں کو اپنی آزادی سے حکومت قائم کرنے کا حق دے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا فلسطین پر اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس بلائی جائے ۔ دنیا اس وقت عالمی جنگ کے دہانے پر ہے ایران کو اس جنگ میں گھسیٹا جا رہا ہے اور لبنان پر بھی لشکر کشی کر دی گئی ہے۔ یہ سب دراصل ایک عالمی جنگ میں مسلم ممالک کو دھکیلنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا شیعہ سنی کی تفریق کے بغیر امت کو متحد ہونا ہوگا۔ اسرائیل کے میزائل لبنان پر شیعہ سنی کی تفریق کیے بغیر گر رہے ہیں اور یہ جنگ سب کو اپنی لپیٹ میں لے گی ،لہذا آج وقت ہے سب ملکر آگے بڑھیں اور مسلم حکمران سب کو متحد کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ مارچ میں مردو خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت میاں محمد اسلم،

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور کاشف چوہدری نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا  سیکرٹری جنرل امیرالعظیم ، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی،مشیر امیر جماعت ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،امیر جماعت وسطی محمد جاوید قصوری،سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، نے ملتان روڑ پر یکجہتی فلسطین ریلی کی قیادت کی ، ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی، شرکاء نے بینز، فلسطینی جھنڈے، رومال ، کتبے اٹھا کر اہل غزہ کے حق میں نعرے لگائے۔نائب امیر لیاقت بلوچ نے راولپنڈی میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت کی اور خطاب کیا۔نائب امیر ڈاکٹر عطاالرحمن نے مردان میں مدارس کے طلبا کی فلسطین یکجہتی تقریب سے خطاب کیا۔ تمام صوبائی اور ضلعی ہیڈکوارٹرز پر ہونے والی ریلیوں سے صوبائی و ضلعی امراء نے خطاب کیا۔

ملتان میں ہونے والا مظاہرہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی رائو محمد ظفر  نے خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی ،ایم پی اے محمد فاروق فرحان نے کراچی ،امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کوئٹہ میں خطاب کیا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ،سیالکوٹ میں بھی مظاہرے ہوئے۔جنرل سیکرٹری کے پی عبد الواسع نے چار سدہ میں مظاہرے کی قیادت کی۔صاحبزادہ ہارون نے باجوڑ ،عبد الرزاق عباسی نے ایبٹ آباد،مولانا تسلیم نے کرک میں مظاہروں کی قیادت کی۔لکی مروت ،لوئر دیر،ڈیرہ اسماعیل خان میں مارچز منعقد کیے گئے۔شانگلہ ،مالا کنڈ اور مردان میں بھی اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔