اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے کیسز پر کام مکمل ہوچکا، دونوں جماعتیں کروڑوں کا حساب نہیں دے سکیں، پیپلزپارٹی کے 12 اکائونٹس کا ریکارڈ ہی موجود نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے اکائونٹس کے حوالے سے اسکروٹنی کمیٹی کو ابھی فعال نہیں کیا گیا، مریم نواز، بلاول اپنے اکاؤنٹس کا حساب دیں، امریکا، برطانیہ میں جو انہوں نے کمپنیاں بنا رکھی ہیں ان کا حساب دیں،
پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی کوشش ہوتی ہے قانون، احتساب اور الیکشن کمیشن سے بھاگیں، الیکشن کمیشن کا کام ہے فیصلہ کرنا، ہم چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتوں کے فنڈز کے کیسز کا فیصلہ ہو۔
فرخ حبیب نے کہاکہ کبھی ایک دوسرے کو چور کہتے اور سڑکوں پر گھسیٹنے کی بات کرتے ہیں، کبھی یہ ناشتے اور کھانے پر اکٹھے ہو جاتے ہیں۔