فیصل واوڈا فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے،اپوزیشن کی 50 دن کی سیاست ہے جس کے بعد عمران خان اور مضبوط ہو جائیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی اور سیاست ہے، نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی الگ سیاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بڑے بھائی نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہیں، سب سے اہم کیسز شہباز اور حمزہ کے ہیں، یہ کیسز مضبوط ہیں مگر ہم نتائج نہیں لا سکے۔شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہمارے طالبان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، امید ہے کہ یہ افغان سر زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے اپوزیشن سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ عدم اعتماد لا رہے ہیں، تو لائیں بھائی، آسٹریلیا کی ٹیم آ رہی ہے، او آئی سی ہے، آپ یہاں کیا کرنے آو گے؟

وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنے بندوں کا خیال کرو، بندے آپ نے لانے ہیں، آپ عدم اعتماد کے لیے بندے نہیں لا سکتے، اگر بندے لانے ہوتے تو ساڑھے 3 سال پہلے لے آتے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ 23مارچ کو بھی آتے دکھائی نہیں دیتے، اپوزیشن ہمیں کسی بل میں تو شکست نہیں دے سکی، البتہ وہ ہمارے اتحادیوں کے پاس جا رہی اور ان کے دروازے کھٹکھٹا رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چوہدری شجاعت سچے، کھرے اور اصولی انسان ہیں، میرے بھائیوں جیسے ہیں، 8 دن میں پتہ لگ جائے گا کہ عدم اعتماد کی کیا صورتِ حال ہے ا نہوں نے کہا کہ عمران خان مقابلہ کرنے والے آدمی ہیں، اپوزیشن کی 50 دن کی سیاست ہے، 50 دن بعد عمران خان اور مضبوط ہو جائیں گے، ان کے پاس سب سے مضبوط ہتھیار دیانت کا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان سرخرو ہوں گے، وہ انہیں (اپوزیشن کو)این آر او بھی نہیں دیں گے اور چھوڑیں گے بھی نہیں، عمران خان کی حکومت ایک منتخب حکومت ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں سارے لوگ ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، وراثتی سرٹیفکیٹ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے باشندوں کو دے رہے ہیں، میں خود بھی پنجگور جا رہا ہوں، سندھ میں نادرا کے 13دفتر کھولنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے رینجرز، ایف سی، کوسٹ گارڈ اور گلگت بلتستان اسکاوٹس کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، سول آرمڈ فورسز کی تنخواہوں میں 15اضافہ ہوا ہے، تنخواہوں میں یہ اضافہ مارچ سے ملے گا، وزیرِ اعظم سے گزارش کی ہے کہ سویلین کی بھی تنخواہ بڑھائی جائے۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ نیب کے عدالتوں میں کیسز نے بہت وقت لیا، ملک میں 70کیسز میگا کرپشن کے ہیں، ان کا فیصلہ ہونا چاہیے، کوشش کریں گے کہ ڈیڑھ سال میں ان 70میگا کیسز کا فیصلہ ہو جائے، ہم لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لا سکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی وزیرِ خارجہ کے ساتھ قیدیوں کی بات کی ہے، ویزہ آن لائن کیا ہے، 14فروری کو ایران کے وزیرِ داخلہ پاکستان آئیں گے۔وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ روزبھارتی ریاست کرناٹک میں ایک لڑکی نے ہندوستان کی سیاست اور مسلمانوں کے ساتھ رویے کو بے نقاب کیا ہے۔