یورپ مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے بارے میں نقطہ نظر کو تبدیل کرے ،لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ یورپ مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے بارے میں اپنے ناکام نقطہ نظر کو تبدیل کرے۔ لیاقت بلوچ سے جرمن سفیر بیرنہارڈشلاگ ہیگ نے ملاقات کی۔ پاک-جرمن تعلقات، جماعتِ اسلامی کی حکمتِ عملی، ملکی صورتِ حال، اسلاموفوبیا، کشمیر، افغانستان اور یورپ میں قادیانیوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر محمد اصغر، عبدالقدوس منہاس، سمیع الحق شیرپا موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ یورپ مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے بارے میں اپنے ناکام نقطہ نظر کو تبدیل کرے۔

افغانستان میں امریکہ اور نیٹو فورسز کی شکست کے بعد فوجی تسلط، دہشت گردی کے پھیلا ئواور نفرتوں کے فروغ کی حکمتِ عملی ناکام ہوچکی ہے۔ باہمی احترام اور برداشت انسانوں کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتہا پسند، فاشسٹ ڈیڑھ کروڑ انسانوں پر ظلم کررہے ہیں۔ عالمی برادری کی جانبداری، خاموشی انسانی المیوں کو جنم دے رہے ہیں، افغانستان میں طالبان، افغان عوام کی فتح تسلیم کی جائے، افغان حکومت تسلیم کی جائے، بلاجواز پابندیاں اور اقتصادی مقاطع طویل جنگ اور عدم استحکام کو جنم دے گا۔ دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی بند کی جائے۔لیاقت بلوچ نے مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بڑی سیاسی اور حکمران جماعتوں نے اقتدار کی ہوس، خوف اور مفادپرستی، نام نہاد الیکٹیبلز کے اپنے اوپر تسلط، اسٹیبلشمنٹ سے سمجھوتہ بازی کے علاوہ جمہوری، آئینی، پارلیمانی اقدار کو پامال کرکے پاکستان کو بے یقینی اور عدم استحکام کا شکار کردیا ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، بجلی، گیس، پٹرول، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافوں سے معاشرتی، سماجی، نفسیاتی بحرانوں کا شکار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان ہر ہر محاذ پر ناکام ہیں۔ اِسی لیے ماجی کی ناکام حکمران جماعتیں پھر سے عوام کو ورغلارہی ہیں۔

جماعتِ اسلامی کا قومی اسمبلی میں ایک ووٹ عدمِ اعتماد کی تحریک میں فیصلہ کن ہوگا۔ جماعتِ اسلامی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ناکام حکومت کے خاتمہ کی تحریک کی حامی ہے لیکن ابھی تک اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا دھندلا اور پردوں میں چھپا ہوا ہے۔ جماعتِ اسلامی کے ملک بھر میں دھرنے عوام کو بیدار، منظم کریں گے۔ عوام کا اعتماد بحال کیا جائے گا۔لیاقت بلوچ نے معروف دانشور، ادیبہ، کالم نویس، سابق ممبر قومی اسمبلی بشری رحمن کے انتقال، پنجاب اسمبلی کے سینئر سکیورٹی آفیسر میاں ناصر مسعود کی فوتگی اور سابق آئی جی پولیس حاجی حبیب الرحمن کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت، دعائے مغفرت کی۔ اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت فرمائے، آمین! لیاقت بلوچ نے اسلام آباد پمز ہسپتال میں جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل سینیٹر عبدالغفور حیدری کی عیادت کی۔