ٹیکسٹائل انڈسٹری سے لاکھوں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی

لاہور(صباح نیوز)چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے،ٹیکسٹائل انڈسٹری کا قومی معیشت میں 60 فیصد حصہ ہے، لاکھوں خاندانوں کا روزگار اس سے وابستہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ٹیکسٹائل کانفرنس ٹیکس ٹاکس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔  سید یوسف رضا گیلانی نے مزیدکہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت پالیسی گائیڈ لائن کے مطابق ٹیکسٹائل سیکٹر کی بہتری کے لئے مراعات ودیگر انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے، ملک کا مستقبل روشن ہے ہمارے ہاں وسائل کی کوئی کمی نہیں ، ٹیکسٹائل انڈسٹری میں برآمدات کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لیے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سہولت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔پاکستان میں ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں ترقی کی مضبوط صلاحیت موجود ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری تیزی سے ترقی کررہی ہے، امریکہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے معیار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ٹیکسٹائل کو مزید پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتا ہے اور اس کے لئے ہمارا تعاون جاری رہے گا۔ کانفرنس میں دس معروف یونیورسٹیوں کے طلباطالبات نے فیشن انڈسٹری کے فروغ کیلئے ریمپ پر واک کی اور ڈیزائننگ کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ نے مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبہ طالبات میں ایوارڈز تقسیم کئے۔