چین کے سرمایہ کاروں اور تاجروں پر مشتمل وفد کا دورہ پارلیمنٹ ہاؤس

اسلام آباد (صباح نیوز) چین کے سرمایہ کاروں اور تاجروں پر مشتمل ایک وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا  چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ۔ قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین سینٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر انوشہ رحمان بھی موجودتھیں ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا ک پاک چین دوستی کی ایک مثالی تاریخ ہے،1951 میں دوستی کا سفر شروع ہوا جب دونوں ملکوں نے سفارتی تعلقات قائم کئے، 1949 میں پاکستان نے چین کو سب سے پہلے تسلیم کیا،اور سفارتی تعلقات قائم کرنے والا پہلا اسلامی ملک تھا۔پاکستانی عوام چین پاکستان دوستی کو پہاڑ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی قرار دیتے ہیں،دونوں ممالک اچھے دوست ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں اور قریبی تعاون کے لیے اچھے شراکت دار ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی  نے کہا کہ بین الاقوامی و علاقائی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان بہترین رابطہ کاری موجود ہے اعلی سطح پر وفود کے تبادلوں سے دوستی کو مزید تقویت ملے گی،چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے،ہر موقع پر چین کی قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کے حوالے سے مفصل تبادلہ خیال ہوا،ہر پاکستانی کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی  نے کہا کہ دوطرفہ تعاون زرعی جدید کاری، صنعتی ترقی، کان کنی اور معدنی وسائل کی تلاش، سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیمی اور ثقافتی شراکت داری میں مزید پھیلے گا،جس سے سماجی و اقتصادی ترقی میں تبدیلی آئے گی،عوامی سطح پر روابط کے ذریعے نہ صرف اقتصادی تعلقات بلکہ معاشی و ثقافتی تعاون کو بھی فروغ دینا چاہتے ہیں،سینٹ اور قومی اسمبلی میں پاکستان چائنہ فرینڈ شپ گروپس قائم کیے گئے ہیں جن کا مقصد عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے،ہم پاکستان اور چین کے درمیان قریبی سیاسی اور بین الپارلیمانی تعلقات کے خواہاں ہیں، ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی اشد ضرورت ہے ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک چین مہارت کا اشتراک کریں اور اپنے لوگوں کو قریب لا سکیں،یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان مثالی تجارتی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرے گی،عوام کو مزید قریب لانے کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان قریبی سیاسی اور بین الپارلیمانی تعلقات کے خواہاں ہیں۔چین کے وفد نے دورہ پاکستان کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنی ترجیحات کا اظہار کیا ۔وفد نے بتایا کہ چین کی مختلف کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں ۔ وفد کے دور  کا مقصد بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔وفد کا آگاہ کیا گیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان میں ایس ائی ایف سی کے نام سے ادارہ موجود ہے،جو سرمایہ کاری کے حوالے سے تجارتی وفود اور سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرتا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔لائیو سٹاک زراعت اور دیگر شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔