اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن کے موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دیتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات پر فخر ہے ،ہمارے دلوں میں سعودی عرب اور اس کے عوام کے لئے بہت محبت اور احترام ہے، سعودی قیادت کی موثر حکمت عملی کی بدولت سعودی عرب نے جس رفتار سے ترقی کی ہے وہ قابل تحسین ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے سعودی عرب کی قیادت ،
عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ سعودی عرب دن دگنی رات چگنی ترقی کریں ،سعودی عرب نے ہمیشہ ہمارا مشکل کی گھڑی میں ساتھ دیا ہے اور پاکستانی عوام اور پاکستان کی حکومت ہمیشہ سعودی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سعودی عرب کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔دونوں برادر ممالک کے تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے۔۔