اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ علماء مسالک فرقوں سے بالاتر کر اتحاد امت اور جدید چیلنجز سے نبرد آزماہونے کے لیے کردار ادا کریں،علماء انبیاء کے وارث کے ناطے مخلوق خدا کو اللہ کا پتہ دیں،حکومت دینی مدارس کے لیے بجٹ میںرقم مختص کرے،انگریزی تعلیم کے لیے بجٹ موجود مگر قرآن کی تعلیم کے لیے بجٹ کا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے،جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی ہے اور ایسے علماء تیار کرنا چاہتی ہے جو امت کو فرقوں سے نکال کر امت واحدہ بنائیں، اتحاد اور اتفاق ہی امت کی طاقت ہے دشمن امت کو تقسیم کرکے کمزور کررہاہے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے،قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیااور آخرت میں سرخروہوسکتے ہیں۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتمام علماء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایسے ماڈل دینی ادارے قائم کرنا چاہتی ہے جو ایسے علماء تیار کریں جو امت کو مسائل سے نکال کرآگے لے جا سکے اس وقت انسانیت کو اور خاص کر امت کو جن مسائل کا سامنہ ہے ان کا حل تلاش کیاجاناچاہیے،علماء جدید علوم سے لیس ہوکر امت کی ترجمانی کریں،ایک ساز ش کے تحت ہمارے ماحو ل کودین بیزار بنایا جارہاہے ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر یہ خطہ اسلام کے لیے حاصل کیاتھا جماعت اسلامی شہداء کے مشن کی آمین ہے جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور ریاست کے آزاد خطوں کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔