میاں محمد اسلم کا ممبر سازی مہم کے سلسلے میں اسلام آباد کی یونین کونسل بھارہ کہوکا دورہ


اسلام آباد (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے تاجر،کسان،طلبہ،نوجوان اور خواتین پاکستان کو ظالم اشرافیہ سے آزاد کرانے کے لیے جماعت اسلامی کے ممبر بنیں اور پاکستان کو بچانے کی جنگ میں ہمارا ساتھ دیں، جماعت اسلامی اس وقت پاکستان کی غریب عوام کی سب سے بڑی توانا آواز ہے،پاکستان کی یوتھ جماعت اسلامی کا حصہ ہے،ہمیں اس ظالمانہ نظام اورکرپٹ ٹولے کے خلاف لڑنا ہوگا اور ایک مضبوط آواز بننا ہوگا

انھوں نے کہا ملک میں کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا راج ہے، ان مسائل کا حل جدوجہد ہے، مایوس ہو کر گھر بیٹھ جانا یا ملک چھوڑ نا اس کا حل نہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر سازی مہم کے سلسلے میں اسلام آباد کی یونین کونسل بھارہ کہو کے دورے کے موقع پر شہریوں اور کارکنان سے وخطاب کرتے ہوئے کیا۔

میاں محمد اسلم نے کہا اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے، سب سے بڑی نعمت نوجوان ہیں جو آبادی کا65فیصد بھی زیادہ ہیں، جماعت اسلامی یوتھ کے لیے سب سے بہترین پلیٹ فارم ہے، جماعت اسلامی نے قومی ایجنڈے کے ساتھ پرامن قومی مزاحمتی تحریک کا آغاز کیا ہے، اسی سلسلے میں ممبرشپ مہم جاری ہے، اس کے بعد عوامی کمیٹیاں بنائیں گے اور حق دو تحریک کے دوسرے فیز کا آغاز ہو گا،میاں محمد اسلم نے کہا دفاعی بجٹ سے زیادہ آئی پیز پر خرچ ہورہاہے،حکمران اپنی شاہ خرچیاں بڑھا رہے ہیں،جاگیرداروں پر ٹیکس نہیں لگاتے اور اپنی مراعات کم نہیں کرتے۔