پی ٹی آئی لاہور جلسہ بھی فلاپ، زور لگانے کے باوجود لوگ اکٹھے نہیں کرسکے، عطا تارڑ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ لاہور جلسے سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ اسلام آباد کی طرح پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ بھی فلاپ ہوگیا ہے۔پورا زور لگانے کے باوجود پی ٹی آئی والے لوگ اکٹھے نہیں کرسکے،عوام نے پی ٹی آئی کی انتشار اور تقسیم کی سیاست کو ایک بار پھر مسترد کردیا،

عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے لاہور جلسے کا وقت ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم کو 9 مئی 2023 اور 190 ملین پاونڈ سمیت تمام کیسز کا جواب دینا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ جلسے سے متعلق بڑی بڑی باتیں کی گئی تھیں، پی ٹی آئی والوں نے لاہور جلسے سے متعلق بہت بڑھکیں ماریں، لاہور میں تمام راستے کھلے تھے،ٹریفک رواں دواں تھا، پی ٹی آئی جلسے میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی۔سب نے ٹی اسکرین پر دیکھا کہ علی امین گنڈاپور ایم ون س ایم2 پر 10 سے 12 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ چڑھے، اسلام آباد میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی تھی، اٹک پل پر بھی کسی قسم کی رکاوٹ نہیں کھڑی کی گئی تھی۔عطاتارڈرنے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے جلسے میں آنے کے لیے راستے پوری طرح کھلے ہوئے تھے، پورا زور لگانے کے باوجود پی ٹی آئی والے لوگ اکٹھے نہیں کرسکے ، لاہور جلسے سے متعلق پی ٹی آئی کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،

انہوں نے کہا کہ اگر جلسہ گاہ کے فضا سے ریکارڈ مناظر دیکھیں تو آپ کو پتا چل جائے گا کہ یہ ایک ناکام جلسہ تھا، جس طرح پی ٹی آئی والے اسلام آباد کے جلسے میں ناکام رہے، یہ لاہور میں بھی لوگ اکٹھے نہیں کرسکے، عوام نے ان کے جلسے کو مسترد کردیا۔عوام نے پی ٹی آئی کی انتشار اور تقسیم کی سیاست کو ایک بار پھر مسترد کردیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، عالمی ادارے پاکستان کی اقتصادی ترقی کااعتراف کررہے ہیں، پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک میں انتشار اور تباہی ہے، کسی کو این آر او نہیں ملے گا،وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے جلسے کے حوالے سے بڑی بڑی بھڑکیں ماری تھیں، ان کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، انہوں نے عدلیہ اور اداروں کے خلاف محاذ آرائی شروع کی ہوئی ہے۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ علی امین نے دوسری مرتبہ جلسہ ناکام کیا ہے، علی امین مریم نواز سے اپنا مواز نہ کریں۔ ان کی جلسی، سیاست اور گورننس سب فیل ہوگئی ہیں۔۔