مخصوص نشستوں کا کیس، پی ٹی آئی نے مزید وضاحت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد (صباح نیوز) مخصوص نشستوں کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف نے مزید وضاحت کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عزیر کرامت کے ذریعے درخواست سپریم کورٹ میں دائرکر دی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت واضح کرے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا اطلاق 12 جولائی کے آرڈر پر نہیں ہوتا، الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر اثر انداز نہیں ہوتا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ سپیکر قومی اسمبلی اور سپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کمیشن کو خطوط درست قانونی پوزیشن واضح نہیں کرتے،

دونوں اسمبلیوں کے اسپیکروں کے خطوط کا 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ دونوں اسمبلیوں کے اسپیکروں کے خطوط الیکشن کمیشن کی جانب سے نظر انداز کیے جانے چاہئیں، 14 ستمبر کے وضاحتی حکم نامے کی روشنی میں الیکشن کمیشن 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر عملدرآمد کا پابند ہے۔بیرسٹر گوہر کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ معاملے کے زیر التوا ہونے تک الیکشن کمیشن کو کسی بھی جماعت کو مخصوص نشستیں الاٹ کرنے سے روکا جائے ،سپریم کورٹ کی جانب سے ان تمام پہلوئوں کی وضاحت جاری کی جائے۔