جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی علی امین گنڈا پور کیخلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس سننے سے معذرت

اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ خان کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و ناجائز اسلحہ برآمدگی کیس سننے سے معذرت کر لی اور کیس سیشن جج کو بھیجتے سماعت 5 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی۔کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ خان کنڈی نے کی۔اس موقع پر علی امین گنڈا پور کے وکیل کی جانب سے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ وکیل راجہ ظہورالحسن نے موقف  اپنایا کہ علی امین گنڈا پور بوجہ مصروفیات عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، سٹیٹ ہماری لئے  جابر ثابت ہو رہی ہے تمام شاہراہیں بند ہیں،اس کا مقصد میرے موکل  کے وارنٹ گرفتاری جاری کروانا ہے ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے پاس ہیلی کاپٹر نہیں ہے،

جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر ہوتے ہیں ایوی ایشن اترنے کی اجازت نہیں دے گی، مزید دلائل دیئے کہ 2016 کا کیس ہے ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔جج  نے کہا کہ جی بالکل آپ بھی آتے ہیں اور درخواست بھی آتی ہے، ابھی علی امین گنڈا پور کدھر ہیں، کیا وہ لاہور ہیں۔وکیل نے موقف اپنایا کہ وہ لاہور تو نہیں جا سکتے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔جج نے نائب کورٹ کو حکم دیا کہ سب کو باہر نکالیں میں نے ملزم کے وکیل اور پراسیکیوٹر سے بات کرنی ہے، کمرہ عدالت سے تمام صحافیوں کا باہر نکال دیا گیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے علی امین گنڈا پور کا کیس سننے سے معذرت کر لی۔عدالت نے کیس سیشن جج کو بھیج دیا اور سماعت 5 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی۔