آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے موقع پر تمام ٹیموں کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے، محسن نقوی

اسلام آباد(صباح نیوز)چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈسینیٹر سید محسن رضا نقوی سے آئی سی سی کے وفد کی ملاقات۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال۔ آئی سی سی نے وفد کا کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے کئے گئے انتظامات اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کردیا۔تفصیلات کے مطابق آی سی سی وفد کی سینئر مینجر ایونٹس سارہ ایڈگر، ایونٹ مینجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل مینجر کرکٹ وسیم خان،سکیورٹی مینجر ڈیوڈ مسکر نے چیرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کے دوران آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے سکیورٹی انتظامات پر بھی بات چیت کی ۔

وفد کا کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے کئے  انتظامات اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوے تسلی بخش قرار دیا۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے عالمی معیار کے انتظامات کی یقین دہانی کرواتے ہوے کہا کہ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا۔ تمام ٹیموں کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے۔ جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے اس کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ تمام ٹیموں کے کھلاڑی پرامن اور محفوظ ماحول میں کرکٹ کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔ اپ گریڈیشن کے بعد سٹیڈیمز میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں ہوں گی اور شائقین کرکٹ میچز سے زیادہ محظوظ ہوں گے۔ پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے اور تمام ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔ ملاقات میںپاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ۔ ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل ریٹائرڈ خالد محمود۔ ہیڈ آف مارکیٹنگ سلمان مسعود بھی شامل تھے۔