الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کا معاملہ، الیکشن کمیشن کی اپیل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (صباح نیوز)پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کے معاملے پر سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ 24 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین خان ،جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عقیل احمد عباسی بینچ میں شامل ہیں جبکہ جسٹس نعیم اختر افغان بھی پانچ رکنی لارجر بنچ کا حصہ ہونگے۔

کیس کی سماعت دن ساڑھے گیارہ بجے ہو گی ، بینچ الیکشن کمیشن آف پاکستان محمد شبیر اعوان ،سلمان اکرم راجہ اوردیگر کی جانب سے دائر چھ درخواستوں پر سماعت ہوگی۔،یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی مشاورت تک پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کی تھی۔