الخدمت اکیڈمک سکالرشپ کے ذریعے ہزاروں طلبا کو اعلی تعلیم کے مواقع میسرہیں۔محمدعبدالشکور

راولپنڈی (صباح نیوز)نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمدعبدالشکور نے کہاہے کہ نبی مہربان ۖ کی دنیا میں آمد سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا۔ الخدمت فاؤنڈیشن ربیع الاول کو تعلیم کی آگاہی اور فروغ کیلئے عملی اقدامات کے طورپرمناتی ہے۔ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں کوئی بچہ اور نوجوان تعلیم سے محروم نہ رہے۔الخدمت اکیڈمک سکالرشپ، الخدمت فاؤنڈیشن کااہم پروگرام ہے جس کے ذریعے سالانہ ہزاروں طلبہ وطالبات کو اعلی تعلیم کیلئے اسکالرشپ فراہم کی جاتی ہے۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب کی ریجنل جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی شمالی پنجاب اقبال خان،ریجنل صدر الخدمت شمالی پنجاب رضوان احمد،سینئرنائب صدرسیدامجدحسین شاہ سمیت دیگرذمہ داران، ڈائریکٹرپروگرامز، صدوراضلاع اجلاس میں شریک ہوئے اور اظہارخیال کیا،

اس موقع پرریجنل اوراضلاع سطح پر جاری پراجیکٹس پربریفنگ کے بعد آئندہ کیلئے پلان مرتب کیا گیا۔ محمدعبدالشکور نے اضلاع کی کارکردگی اور میگاپراجیکٹس پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ذمہ داران،ڈونرز اور رضاکارہمارا سرمایہ ہیں جن کی بدولت اربوں مالیت کے فلاحی منصوبوں کی تکمیل ممکن ہوتی ہے۔

انھوں نے کہاکہ الخدمت تعلیم،صحت،کفالت یتامی،ڈیزاسٹرمینجمنٹ،صاف پانی،سماجی خدمات،مواخات کے شعبوں میں خدمات سرانجا م دے رہی ہے۔جبکہ صرف شعبہ تعلیم کے اندربھی کئی محاذوں پر ورکنگ جاری ہے۔ الخدمت اب تک 5ہزار 411بچوں کو 53کروڑ 61لاکھ روپے کی سکالرشپ فراہم کرچکی ہے۔ انھوں نے کہاکہ الخدمت بنوقابل لاکھوں نوجوانوں کی زندگیاں بدلنے والا پراجیکٹ ہے جس کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کومختلف اسکل سکھا کر اپنے خاندان کی کفالت کے قابل بنایاجارہا ہے