شمالی و جنوبی وزیرستان میں جھڑپیں، 12 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

راولپنڈی (صباح نیوز) شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپوں کے نتیجے میں 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے،دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان بھی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں، جہاں جھڑپوں کے دوران 12 خوارج دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 19 ستمبر کو 7 دہشت گردوں کے گروپ نے سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع اسپن وام میں دراندازوں کو گھیرا جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 6 بہادر سپوت بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیزمواد برآمد ہوا ہے۔