حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پرعافیہ کی رہائی کے لیے ایک دستخط نہیں کررہی ہے:ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

  اسلام آباد(صباح نیوز) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے 22 ستمبر کو ڈی چوک میںہونے والے دھرنے میں شرکت کے لیے گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اسلام پہنچ گئیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ، اسلام آباد اور قرب و جوارمیں رہنے والے لوگوں آپ کی بہن عافیہ آپ کو 22 ستمبر کو ڈی چوک بلارہی ہے۔ یہ دھرنا صرف عافیہ کی رہائی کے لیے ہی نہیں ہے بلکہ قوم کی تمام عافیائوں کے تحفظ کے لیے ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پرعافیہ کی رہائی کے لیے ایک دستخط نہیں کررہی ہے تو وہ آپ کے بچوں کا کیا تحفظ کرے گی جبکہ امریکہ میں امریکی وکلاء عافیہ کی رہائی کے لیے پٹیشن دائر کر چکے ہیں،اب حکومت پاکستان کی طرف سے ایک خط درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 ستمبر کو ڈاکٹر عافیہ کی 86 سال کی سزا کے خلاف ڈی چوک میں دھرنا جبکہ ملک بھرکے پریس کلبوں کے باہر امن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو 23ستمبر ، 2010 ء کو امریکی عدالت نے ڈاکٹر عافیہ کو دفاع کے قانونی حق سے محروم رکھتے ہوئے یکطرفہ عدالتی کاروائی کے ذریعے 86 سال کی ظالمانہ سزا سنائی تھی۔