حکومت ریت کی دیوار ہے، اب آخری دھکا باقی ہے،فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے کہا ہے کہ حکومت ریت کی دیوار ہے، اب آخری دھکا باقی ہے، آئندہ 45روز میں یہ حکومت آپ کو ختم ہوتی نظر آئے گی۔

فوادچو ہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  اس حکومت کی تمام پالیسیوں کی بنیاد ظلم اور جارحیت ہے،ملک ان پالیسیوں پر نہیں چل سکتے۔ سابق وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان میں نارمل سیاست نہیں ہو رہی،پاکستان کے آئین کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل نہیں کیا جاسکتا، آئندہ 45روز میں یہ حکومت  آپ کو ختم ہوتی نظر آئے گی،حکومت ریت کی دیوار ہے اب آخری دھکا باقی ہے،آئینی ترامیم کا ایک ہی مقصد کہ ملک میں نیا پی سی او لگایا جائے،یہ ناپسندیدہ ججز کو باہر کرکے پسندیدہ ججز کو لانا چاہتے ہیں، نواز شریف ووٹ دینے کے لئے لاہور سے اسلام آباد آگئے تھے،پورا پاکستان اس وقت وکلا کے پیچھے کھڑا ہے، سینئر ترین جج چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے جا کر سپریم کورٹ کو ٹکر ماری اور اس ٹکر کے نتیجے میں ان کا اپنا سر گھوم گیا، بلاول وکٹری کے نشان بنا رہا تھ، اب کہتا ہے ہمارا آئینی ترمیم سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں جہالت عروج پر ہے، ملک میں جمہوریت کا تماشا بن کر رہ گیا ، 18 سیٹوں والا وزیر اعظم بن گیا ہے ملک کا، آئینی ترمیم کسی نے پڑھی ہی نہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بانی پی ٹی آئی کا اور میرا کیس تھا، کیسز کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ، بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش نہیں کیا گیا۔بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے باہر نکالتے وقت حکومت کا بلڈ پریشر کم ہو جاتا ہے،  حکومت کو پتہ ہے بانی پی ٹی آئی کو جیل کے دروازے پر لانا بھی انقلاب کو دعوت دینا ہے، اگر بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئے تو سڑکوں پر لوگوں کا جم غفیر ہوگا، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مختلف قسم کے پراپیگنڈے کئے جا رہے ہیں، گرفتاریوں سے اور پکڑ دھکڑ سے ملک نہیں چلتے، اس طرح کے عوامل سے ملک میں تقسیم پیدا ہوتی ہے۔