نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے حق میں قرار داد منظور کرلی گئی، اور اسرائیل کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایک سال کے اندر فلسطینی علاقوں سے قبضہ ختم کرے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ کاوشوں سے پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 124 ممالک نے ووٹ دیا، جبکہ 14 ممالک نے مخالفت کی، اور 43 ممالک نے کے اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل ایک سال کے اندر غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں سے قبضہ ختم کرے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے قرارداد کی منظوری پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے شرمناک فیصلہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے اقدامات فلسطین میں موجود دہشتگردوں کی سیاسی پشت پناہی کرنے کے مترادف ہیں۔اسرائیلی سفیر نے کہاکہ جنرل اسمبلی کو چاہیے تھا کہ وہ یرغمال ہونے والے 101 شہریوں کی بازیابی کا مطالبہ کرتی، لیکن 7 اکتوبر کے قتل عام کا ایک برس مکمل ہونے سے قبل ان لوگوں کو پشت پناہی فراہم کی جارہی ہے۔