اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے چیئرمین سینٹر عامر ولی الدین چشتی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے درجنوں طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی طرف سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ پرائیویٹ میڈیکل کالج فیسوں کے بارے میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ہدایات کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ کونسل نے 30 نومبر 2023 کو جاری کردہ پبلک نوٹس میں واضح کر رکھا ہے کہ ہر طالب علم سے اگلے سال کی فیس صرف اس وقت وصول کی جائے گی جب وہ سابقہ سال کا امتحان پاس کر لے گا۔ والدین کے مطابق اس ہدایت کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کو اگلے سال کی فیسوں کے چالان جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال کے نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اسی طرح ‘پی۔ایم۔ڈی۔سی’ نے 14 ستمبر 2023 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت تمام کالجوں کو ہدایت جاری کی کر رکھی ہے کہ چھ ماہ کی یکمشت فیس ادا کرنے والے طالب علم کو دو فیصد اور پورے سال کی فیس یکمشت ادا کرنے والے کو چار فیصد رعایت دی جائے گی۔ شکایت کرنے والے والدین نے نشاندہی کی ہے کہ بعض کالج یہ رعایت بھی نہیں دے رہے اور خلاف قانون چھ ماہ اور پورے سال کی فیس یکمشت دینے والوں کو کوئی چھوٹ نہیں دی جا رہی۔ سینٹ قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین سینیٹر عامر چشتی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی مفاد کا یہ مسئلہ کمیٹی کے اگلے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اس میں اسلام آباد کے تمام میڈیکل کالجوں کی انتظامیہ کو طلب کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے کالجوں کے خلاف موثر قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں پر اس طرح کا ظلم نہیں ہونے دیں گے۔۔