اسلام آباد(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے کہاہے کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ جس میں انسانیت کی نجات اور فلاح کے لیے عظیم پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کو بھیجا گیا،یہ ہمارے لیے رب کی بے حد شکر گزاری کا مہینہ ہے، اس مہینہ میں ہمیں خاص طور پر اور پورا سال عمومی طور پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو یاد رکھنا اور ان سے روشنی حاصل کرنی ہے. یہ ایک بہت بڑی سعادت ہے اس کے لیے جو اسے محسوس کرے کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مبارکہ وہ ذات ہے جس پر خود اللہ اور فرشتے ہر وقت درود و سلام بھیج رہے ہیں، اللہ نے ان کو وہ عزت بخشی کہ دوست تو دوست دشمن بھی ان کی عظمت کے گن گاتے ہیں. ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے 12 ربیع الاول کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا.
انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے عشق مصطفی کا جائزہ لیں،ان پر خوب درود و سلام بھیجیں اور ان کے ساتھ اپنے تعلق کی تجدید کریں. انہوں نے کہا کہ ہمیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن کو اپنا مشن بنانا ہوگا اور یہ مشن دراصل اللہ کی زمین پر اللہ کی حکمرانی قائم کرنا ہے. نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی اور ہر طرح کے ظلم کو ختم کرنے کے لیے پوری کوششیں صرف کیں. اگر ہم چاہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی نسبت کا اظہار کر سکیں اور قیامت کے دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میںسے اٹھ سکیں تو ہمیں پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن کو تن من دھن سے آگے بڑھانا ہوگا ،علاوہ ازیں حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ نصرت ناہید نے 12 ربیع الاول کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ نبی مہربان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا عملی ثبوت یہ ہے کہ آپ کے عظیم مشن دعوت الی اللہ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے باطل کو مٹا کر حق کو قائم کیا ،ظلم و ناانصافی کو ختم کر کر کے عدل کا نظام نافذ کیا انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو یاد کرنے کے لیے کوئی ایک دن کافی نہیں بلکہ ہر دن ہر لمحہ ہمارے دل آپ کی محبت سے سرشار اور سر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت میں خم ہونے چاہییں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی سب سے بڑی سنت دعوت الی اللہ اور اس کا مقصد اللہ کی بادشاہت کو اس کی زمین پر نافذ کرنا تھا،اس کام کی تکمیل کے لیے آپ نے تبلیغ سے جہاد کے میدان تک جدوجہد کی۔نصرت ناہید نے کہاکہ ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس سنت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے قرآن و سنت کی دعوت کو عام کرنا ہے،اس ظالمانہ نظام کے خاتمے کے لیے اپنا سب کچھ لگانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دعوت الی اللہ کے پیچھے خیر خواہی کے اس جذبے کو بھی اختیار کرنا ہے جس کے ساتھ آپ نے انسانوں کے فلاح کے لیے اپنی جان کو کھپایا