ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں، محمد شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں، حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم کر رہی ہے۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹرولیم شعبے سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ کمپنی گنور گروپ کے چیئرمین توربیون تورنقوسٹ اور ٹوٹل انرجیز کے ریجنل وائس پریزیڈنٹ مہمت جیلیپوعلو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں، ہماری معاشی و کاروباری پالیسیوں کے مثبت ثمرات کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور کر رہی ہے۔ چیئرمین گنور گروپ توربیون تورنقوسٹ نے پاکستان کے پٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گنور گروپ پاکستان میں ٹوٹل پارکو کے 50 فیصد حصص کا معاہدہ کر چکی ہے۔ چیئرمین گنور گروپ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گنور گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔