کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ موجودہ حالات میں ججز سے متعلق آئینی ترامیم ملک کو ایک نئے بحران سے دوچار کرسکتی ہے۔مفاداتی سیاست نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے اسوہ حسنہ کو روڈ میپ بناکر زندگی کے ہر دائرے میں اس کو نافذ کیا جائے۔عشق مصطفی کا تقاضا ہے کہ نظام مصطفی کی جدوجہد کو تیزکیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں جیکب آباد ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں منعقدہ سیرت النبیۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ جس پارلیمنٹ کا کام ملک وقوم کے مفاد میں قانون سازی کرنا ہے اس کو ایک دوسرے کے خلاف گالم گلوچ اورانتقامی کاروایوں کاذریعہ بنادیا گیا ہے۔
صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس ظالمانہ وبدبودارنظام میں کوئی شہری محفوظ نہیں ہے ،پولیوورکرخاتون کے ساتھ درندگی کا واقعہ حکمرانوں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔پوراسندھ اس وقت بدامنی ولاقانونیت کی آگ میں جل رہا ہے مگر زرداری اورمرادعلی شاہ کو اس آگ کی تپش محسوس نہیں ہورہی ہے جوکہ بے حسی کی انتہا ہے۔امن خوشحالی اورچین وسکون کا واحد راستہ مدینے کے میرصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پرعمل کرنے میں ہے۔سیرت کانفرنس سے امیرضلع حاجی دیدارعلی لاشاری، علامہ حنیف احمد کھوسہ اورگل مہر نے بھی خطاب کیا۔صوبائی امیرنے ضلعی نائب امیرہدایت اللہ رند کی والدہ کی وفات پران کے گھرجاکرتعزیت ،مرحومہ کی مغفرت درجات بلندی وپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ۔