شکست خوردہ قوتیں افغانستان میں بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہیں،شجاع الدین شیخ


لاہور(صباح نیوز)شکست خوردہ قوتین افغانستان میں بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہیں۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیرشجاع الدین شیخ نے کابل کے ایک ہسپتال پر حالیہ دہشت گرد حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہی ۔

اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ جب سے افغانستان میں طالبان کی حکومت بنی ہے دہشت گردی کے پے در پے واقعات رونما ہو رہے ہیں اور اِن سب سانحات کی داعش نے ذمہ داری قبول کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ اور دوسرے کئی اعلی عہدہ دار یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ داعش درحقیقت خود امریکہ نے بنائی تھی۔ انھوں نے کہا کہ اگر امریکہ اِس خونریزی سے باز نہ آیا تو دہشت گردی کو دنیا بھر میں پھیلنے سے روکنا مشکل ہو جائے گا۔

امریکہ جو آگ افغانستان میں بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے اِس میں اس کے اپنے پاں بھی جل سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کو افغانستان میں اپنی شکست قبول کر کے اب اپنی سوچ کو بدلنا چاہیے اسے معلوم ہونا چاہیے کہ منفی اور تخریبی سوچ دنیا کے امن کو تباہ و برباد کر دے گی۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن ایشیا میں امریکہ کے اتحادیوں کے لیے بھی سود مند ثابت ہوگا۔

انھوں نے اِس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ پاکستان، ایران، چین، ترکی اور روس جو خود کو افغانستان کا وکیل ظاہر کرتے ہیں خود افغان طالبان کی حکومت کو تسلیم کیوں نہیں کرتے۔

انھوں نے کہا کہ اگر تمام مسلمان ممالک افغان طالبان کی حکومت کو تسلیم کر لیں تو امت مسلمہ کے دشمنوں کے لیے بھی افغان طالبان کی حکومت کے خلاف کوئی اقدام آسان نہ ہو گا۔