پاکستان ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

 بیجنگ(صبا ح نیوز)پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی میں اپنے چوتھے لیگ میچ میں چین کو 1-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔چین میں جاری  ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں پاکستان نے شروع سے ہی میزبان چین کو دبا ومیں رکھا۔ پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی ، دوسرے کوارٹر کے آٹھویں منٹ میں حنان شاہد کے خوبصورت پاس پر عبدالرحمن نے گول کرکے  پاکستان ٹیم کو برتری دلائی۔تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 11ویں منٹ میں ندیم احمد نے گول کرکے پاکستان کی برتری دگنی کردی۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا لیکن کپتان عماد بٹ نے سنہری موقع ضائع کر دیا۔چوتھے کوارٹر کے شروع ہوتے ہی حنان شاہد نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو تین صفر کی برتری دلا دی۔ پھر کچھ دیر بعد چین کے چینگ ہنگ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ تین ایک کردیا۔

میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل پاکستان نے اوپر نیچے مزید دو گول کیے۔ندیم احمد نے میچ میں اپنا دوسرا گول کیا جبکہ میچ ختم ہونے سے 15 سیکنڈ قبل حنان شاہد بھی اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔پاکستان کی طرف سے ندیم احمد اور حنان شاہد نے 2، 2 اور ندیم احمد نے ایک گول اسکور کیا۔اس فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے 8 پوائنٹس ہوگئے اور اس نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔قومی ٹیم نے چار میچ کھیل کر دو میچ جیتے جبکہ دو میچ ڈرا ہوئے۔گرین شرٹس نے چین اور جاپان کو شکست دی جبکہ کوریا اور ملائیشیا کے خلاف میچ برابر ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے تیسرے اور اہم میچ میں جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی تھی۔ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، کوریا، ملائشیا، جاپان اور چین کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔پاکستان اپنا پانچواں اور پول کا آخری میچ 14 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات پونے ایک بجے روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔