اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار ممبران اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے گئے اور انہیں پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔۔بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد نے گرفتار ساتھیوں کے پروڈکشن آرڈرز جاری کروانے کے لیے اسپیکر سے چیمبر میں ملاقات کی۔ پی ٹی آئی وفد میں داوڑ کنڈی اور علی محمد خان شامل تھے۔اسپیکر چیمبر کے چیمبر میں ہونے والی اس ملاقات میں بیرسٹر گوہر نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ابھی تک گرفتار ممبران کو اسمبلی لانے کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوئے اور انہیں اسپیکر کے حکم پر فوری طور پر اجلاس میں لایا جائے۔گزشتہ روز اسپیکر نے زبانی کہا تھا اور آج ہم تحریری حکم نامے لیے اسپیکر آفس پہنچے ہیں۔وفاقی وزرا اسحاق ڈار ۔محسن نقوی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اسپیکر چیمبر میں ایاز صادق سے ملاقات کی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر کے لیے تحریری درخواست کی ضرورت نہیں ہے، امید ہے جلد پروڈکشن آرڈر جاری ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر ہمارا قانون حق ہے کیونکہ اسمبلی کے فلور سے ممبران کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اپنی سیکیورٹی فورسز موجود ہیں اور پارلیمان کے احاطے کے اندر ممبران کا تحفظ یقینی بنانا سیکیورٹی فورسز کی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر علی محمد خان نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن ابھی تک پروڈکشن آرڈر پر عمل نہیں کیا گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز فوری جاری کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے گرفتار پی ٹی آئی ارکان کے پروڈکشن آرڈر آئندہ اجلاس کے لیے جاری کردیے۔قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس جمعرات کو دن 11 بجے ہو گابعدازاں بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے ہیں، تمام ارکان جمعرات کو ایوان میں آئیں گے۔