ارسا ایکٹ میں ترمیم صوبوں کی آواز کو دبانے اور سندھ کو بنجر بنانے کی سازش ہے ۔محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی اور عوام کے امیدوں کا مرکزہے جو ملک سے ظالمانہ نظام قائم کرنے کی جدوجہد کررہی ہے،وفاق کی جانب سے ارسا ایکٹ میں مجوزہ ترمیم صوبوں کی آواز کو دبانے اور سندھ کو بنجر بنانے کی سازش ہے جس کو سندھ کے عوام کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹری میں المدینہ چوک پر رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ کیمپ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ امیر ضلع حافظ صالح بھرٹ،حافظ خلیل احمد کورائی،مولانا محمد عمر بھی ساتھ موجود تھے، محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ مہنگی بجلی،ظالمانہ ٹیکسز سمیت آئی پی پیز کے ظلم کیخلاف صرف جماعت اسلامی میدان میں ہے، امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن پچیسکروڑ عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اورجوواضح اعلان کرچکے ہیں کہ دھرنے کے موقع پربجلی سستی،ظالمانہ ٹیکس ختم اورتنخواہ دارطبقے کو ریلیف دینے والے معاہدے پر حکومت نے عملدرآمد نہ کیا تو جماعت اسلامی دوبارہ وہاں سے تحریک شروع کردے گی، انہوں نے عوام پر زور دیا کہ حق کے غلبے  ،بدی وظلم کے خاتمے کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔