چیئرمین عامر محمود کی زیر صدارت سی پی این ای سندھ کمیٹی کا اجلاس ، سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمان میمن کی خصوصی شرکت

کراچی ( صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)سندھ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین عامر محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمان میمن نے خصوصی شرکت کی۔ انھیں سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل اعجاز الحق اور چیئرمین کمیٹی عامر محمود نے خوش آمدید کہا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ندیم الرحمان میمن نے کہا کہ سندھ حکومت میڈیا کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ واجبات کی ادائیگی کے بھرپور کوششیں کررہا ہوں۔ پرنٹ میڈیا کا بڑا اہم کردار ہے، ریجنل اخبارات کو زندہ رکھنا ہمارا فرض ہے،حتیٰ المقدور پرنٹ میڈیا کی ترقی کے لیے کام کیا ہے تاہم اب بھی بعض معاملات پر توجہ کی ضرورت ہے، جنھیں آپ لوگوں کی مشاورت سے حل کرسکیں گے۔بجٹیڈ اشتہارات کے لیے آڈٹ کا کام جاری ہے۔

ادائیگیاں جلد کردی جائیں گی ،نان بجٹیڈ اشتہارات کی ادائیگیوں میں کچھ وقت لگے گا، ان اشتہارات کے واجبات کا حجم 25کروڑ روپے بتایا جارہا تھا جبکہ بلز صرف 5 سے 6کروڑ روپے کے وصول ہوئے اس لیے تاخیر ہورہی ہے۔ سی پی این ای کے فورم پر اس لیے آتا ہوں تاکہ جان سکوں کہ کون سے اخبارات و جرائد کو کیا مسائل درپیش ہیں اور ان کی شکایات دور کرسکوں۔صحافیوں اور اخبارات کی کیپسٹی بلڈنگ کے لیے سی پی این ای کے ساتھ مل کر کام کریں گے، اس حوالے سے اگلے سال کے بجٹ کے لیے سمری فارورڈ کروں گا۔ اشتہاری کوانٹم کو بتدریج بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ڈسپلے کے اشتہارات کے لیے متعلقہ وزیر سے اجازت لینا پڑتی ہے۔ جرنلسٹس کی فلاح و بہبود کے فنڈ ز پریس کلب اور دیگر تنظیموں کو دیے ہیں اور صحافی ایک کمیونٹی ہیں سب مل کر برادری کے افراد کے مسائل حل کریں۔ اس سے قبل عامر محمود نے اجلاس کو بتایا کہ ندیم رحمان میمن نے اخبارات کے دیرینہ ایس آر بی واجبات کی ادائیگی یقینی بناکر اہم ذمہ داری ادا کی۔

سیکریٹری جنرل اعجاز الحق نے کہا کہ بجٹیڈ اشتہارات کا اپ ڈیٹ سندھ حکومت کو موصول ہوچکا اور نان بجٹیڈ کا آڈٹ ہوچکا ہے ۔ اب ان واجبات کی ادائیگی میں تاخیر نہ کی جائے، ڈاکٹر جبار خٹک نے کہا کہ اشتہارات کے کوانٹم کے مسائل دور کیے جائیں ۔ اشتہارات صرف چند اخبارات تک محدود نہ ہوں۔ جو بلز جمع نہیں کرواتے ان اخبارات کو اشتہارات نہ دیے جائیں۔ دیگر اراکین نے بھی سیکریٹری انفارمیشن سندھ کو اپنے اخبارا ت کو اشتہارات اور نہ ملنے کی صورت حال سے آگاہ کیا۔اجلاس میں سینئر رکن قاضی اسد عابد کے بھائی ، بہن ، روزنامہ جہان پاکستان گروپ کے پرنٹر اور پبلشر ایم اے رئوف ، ڈی جی پی آر سندھ سلیم خان کے والد کے انتقال پر فاتحہ خوانی اور تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحومین کے درجات میں بلندی کی دعا کی ،روزنامہ وطن گجراتی کے چیف ایڈیٹر عثمان ساٹی کی صحت کے لیے خصوصی دعاکی۔ اجلاس کے  اختتام پر چیئرمین سندھ کمیٹی عامر محموداور سیکریٹر ی جنرل اعجاز الحق نے سیکریٹری انفارمیشن سندھ ندیم الرحمان میمن کو اجرک اور شیلڈ کا تحفہ پیش کیا۔ اجلاس میں نائب چیئرمین سندھ کمیٹی فقیر منٹھار منگریو، فنانس سیکریٹری غلام نبی چانڈیو سمیت سینئر اراکین مقصودیوسفی، عبدالخالق علی، عارف بلوچ،ایاز علی ، شیر محمد کھاوڑ، محمود عالم خالد،علی حمزہ افغان، سلمان قریشی، عبدالسمیع منگریو،شاہد ساٹی، توفیق احمد، عرفان حیدر، مدثر عالم،شبیر حسین،دانش چنہ، عاطف صادق شیخ، عمران کورائی، ہارون رشید، سلیم شیخ اور خاتون رکن نسیم اختر شیخ نے بھی شرکت کی۔