اسلام آباد (صباح نیوز)امریکی سفارت خانے کے پولیٹیکل آفیسر جیکب ھال نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی سے ملاقات کی ہے ۔
ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورت حال اور خارجہ امور سے متعلق موضوعات پر جماعت اسلامی کی پالیسی سے آگاہی حاصل کی ۔ آصف لقمان قاضی نے امریکی سفارت کار کو بتایا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین کی بالا دستی اور شفاف جمہوری عمل کے قیام کے لئے کوشاں ہے ،جماعت اسلامی پاکستان عوام کی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے عوامی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھاتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پالیسیوں کے بہتر ابلاغ کے لئے ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر پاکستانی عوام کے جذبات سے امریکی حکومت کو آگاہ کرے ،امریکی سفارت خانے کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں جاری قتل عام کے سلسلے میں اسرائیل کو دی جانے والی امریکی امداد کے باعث پاکستانی عوام میں پائے جانے والے غم و غصے سے امریکی حکومت کو آگاہ کرے ۔ غزہ پر ہو نے والی بمباری بند کروانا امریکی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ ملاقات تقریبا ایک گھنٹہ جاری رہی۔ آصف لقمان قاضی نے کہا کہ اختلافات کے باوجود بات چیت کے لئے ہمارے دروازے کھلے ھیں۔