کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اردو کا نفاذ کر کے ہی ہم پاکستان کو مستحکم اور مضبوط بنا سکتے ہیں۔اردو نے پوری قوم کو ایک لڑی میں پرویا ہوا ہے۔آئین پاکستان کی دفعہ 251اور سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ کے فیصلے کے مطابق اردو کو ہرسطح پر فوری طور پر نافذ کیا جائے۔یہ بات انہوں نے تحریک نفاذ اردو پاکستان کے منتظم اعلی محمد قاسم جمال سے قبا آڈیٹوریم میں خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔
قاسم جمال نے محمد حسین محنتی کو آگاہ کیا کہ 8ستمبر کو سپریم کورٹ نے نفاذ اردو کا تاریخی فیصلہ دیا تھا لیکن اب تک اردو کا نفاذ نہیں کیا گیا ہے اور پاکستان کی بیورو کریسی اور حکمراں طبقہ اردو کے نفاذ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔تحریک نفاذ اردو ملک بھر میں نفاذ اردو کے لئے جدوجہد کررہی ہے اور یکم ستمبر سے 10ستمبر تک عشرہ نفاذ اردو منایا جارہا ہے۔محمد حسین محنتی نے تحریک نفاذ اردو کے تحت عشرہ نفاذ اردو منائے جانے پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ نفاذ اردو کے لئے سب کو مل کر جدوجہد کرنا چاہیے۔جماعت اسلامی ملک میں اردو کے نفاذ کی سب سے بڑی سپورٹ ہے۔عالمی سطح پر دین اسلام کے فروغ کے لئے بھی سب سے زیادہ کتابیں شائع ہوئی ہے۔نفاذ اردو کی جدوجہد میں جماعت اسلامی تحریک نفاذ اردو کے ساتھ ہے اور مرحوم ڈاکٹر مبین اختر نے نفاذ اردو کی جدوجہد کے لئے بھرپور طریقے سے کام کیا ہے اور ان کے جانشین سید صلاح الدین اختر اور قاسم جمال انشاء اللہ ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔