سندھ ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی کی درخواست پر گاڑیوں کی خریداری کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روک دیا 4ہفتوں میں جواب طلب

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے سندھ حکومت کا لگژری گاڑیاں خریدنے کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں  درخواست دائر کردی۔انہوںنے جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ کی وکالت میں یہ درخواست دائر کی ،سندھ ہائی کورٹ نے محمد فاروق کی درخواست پر گاڑیوں کی خریداری کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کو روک دیا اور فریقین سے 4ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ۔ درخواست میں تحریر کیا گیا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے بیوروکریسی کیلیے 138 بڑی گاڑیاں خریدی جارہی ہیں،ان گاڑیوں کی خریداری کے لیے تقریباً 2 ارب روپے کے اخراجات ہونگے،03ستمبر کو اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جاچکاہے،یہ گاڑیاں عوام کے ادا کردہ ٹیکسوں کی آمدنی سے خریدی جائیں گی،اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں انفلیشن کی شرح 28فیصد سے زیادہ ہے،صوبے میں عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات میسر نہیں،عوام کے ٹیکس کے پیسے کو عوام کی بہبود کیلیے استعمال کرنا چاہیے،بیوروکریسی کیلیے ڈبل کیبن گاڑیاں خریدنے سے عوام کا کوئی فائدہ نہیں،اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے یہ عوامی پیسے کا فضول استعمال ہے، تین ستمبر کے گاڑیاں خریدنے سے متعلق نوٹیفکیشن کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے،

عدالتی فیصلے تک نوٹیفکیشن پر عملدرآمد معطل کیا جائے۔بعدازاں رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام بے شمار مسائل کا شکار ہیں ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں ، شہریوں کو معیاری تعلیم میسر نہیں ہیں ، ایک جانب حکومت آئی ایم ایف، ایشین ورلڈ بنک سے بنیادی ضروریات کے لیے قرضے لے رہی ہے دوسری جانب سندھ حکومت شاہ خرچیوں میں مصروف ہے، جماعت اسلامی ایسے کسی فیصلے کو نہیں مانتی ، ہم عوام کے ٹیکسوں کے 2ارب روپے سے لگژری گاڑیوں کی خریداری کے فیصلے کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جائے ،جو رقم لگژری گاڑیوں کے لیے مختص کی گئی ہے اسے ترقیاتی فنڈ میں استعمال کیا جائے ،جماعت اسلامی نے راولپنڈی مری روڈ پر دھرنا دیا تھا اور حکومت کے سامنے مطالبات رکھے تھے جن میں ایک مطالبہ یہ بھی تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سمیت بیوروکریسی کو 1300سی سی گاڑیاں دی جائیں اور عوام کے ٹیکسوں کو بچا کر عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے استعمال کیا جائے ۔جماعت اسلامی عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو حکمرانوں کی شاہ خرچیوں پر خرچ ہونے نہیں دیں گے ،جماعت اسلامی سندھ حکومت کی شاہ خرچیوں کے خلاف ہر سطح پر آئینی ،قانونی اور جمہوری طریقے سے آواز بلند کرے گی ۔حکمرانوں کی فضول خرچیوں کا بوجھ عوام کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔