لاہور(صباح نیوز)تنظیم اساتذہ پاکستان خواتین ونگ کی مرکزی صدر ساجدہ ظفر، جنرل سیکرٹری پاکیزہ روف ، صدر صوبہ پنجاب سلمی نذیر اور صدر ضلع لاہور عفت امجد نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں مسلح افواج کی قربانیوں اور وطن کی دفاع میں ان کی بے پناہ خدمات اور بے لوث جذبے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ وطن کا دفاع افواج پاکستان اور غیور عوام کے لیے پہلی ترجیح ہے – ہمیں اپنے وطن کی سالمیت اور خود مختاری کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی فوج کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنا ہے-
انہوں نے کہا کہ مکار دشمن نے رات کے اندھیرے میں حملہ کر کے اپنے بزدلی کا ثبوت دیا مگر افواج پاکستان کی دیدہ دلیری اور مستعدی نے دفاع پاکستان کو نا قابل تسخیر بنا دیا- آج وطن عزیز اندروونی و بیرونی سازشوں میں گھرا محسوس ہوتا ہے – پھر سے وطن کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں بحثیت قوم 1965 والے اتحاد ، عزم اور جذبے کی ضرورت ہے – وطن کی جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کو بھی مضبوط بنانا ہے جس میں اولین ذمہ داری اساتذہ کرام کی ہے -آج کا دن ہمیں وطن کے دفاع کومضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کے لیے دعوت عمل دیتا ہے – پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے نو نہالان وطن کے ذہنوں کی نظریہ پاکستان سے آبیاری کرنا ہوگی-پاکستان کی مسلح افواج نے جان پر کھیل کر وطن عزیز کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنایا – دفاع وطن کے لیے ان مجاہدین کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔