اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات تشویشناک ہیں۔ کہانی منی بجٹ اور مرکزی بینک گروی رکھنے تک نہیں رکتی۔ آئی ایم ایف نے مزید ٹیکس بڑھانے، ٹیکس چھوٹ ختم کرنے اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے پیر کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ حکومت اب آئی ایم ایف کی مرضی کے مطابق معیشت چلائے گی۔ آئی ایم ایف نے آئندہ بجٹ میں 4 کھرب 30 ارب روپے کے نئے ٹیکس عائد کرنے کا کہا ہے۔ اس کا مطلب ہے آئندہ سال تک مہنگائی کم ہونے کا کوئی امکان ہی نہیں۔ مہنگائی پہلے ہے 13 فیصد ہے جو دو سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔