سندھ حکومت بارش متاثرین کی مدد کرنے مکمل طور پر ناکام ہوچکی ۔وزیر اعلیٰ سندھ فوری طور پر مستعفی ہوجائیں،محمد حسین محنتی

کراچی/گولارچی ( صباح نیوز)  جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت  بارش متاثرین کی مدد کرنے مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،حالیہ طوفانی بارشوں نے انکی نااہلی، کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا کچاچٹھہ کھول کے رکھ دیا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ اپنی نا اہلی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہوجائیں،وہ بدین گولارچی کے سیلاب زدہ علاقوں کا تفصیلی دورے اور الخدمت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد گولارچی پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بدین گولارچی میں زرعی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، یونین کونسل احمد راجو،محمد شاہ گرہڑی،کھورواہ،فتح آباد،گولارچی،دْبی،کڑیوگہنور،سمیت مختلف علاقوں میں تاحال بارش کا پانی جمع ہے۔سم نالوں کی صفائی میں بڑے پیمانے پر کی جانے والی کرپشن تباہی کی اہم وجہ ہے،سیم نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث اوور فلو اور بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوپانے کی وجہ سے بڑی تباہی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی نمائندے محض دکھاوے اور فوٹوسیشن کے لیئے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے کے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں،جبکہ بارش کو ایک ہفتہ سے زائد عرصہ گذرنے کے باوجود نکاسی کے لیئے کوئی خاطرخواہ انتظامات نہیں کیئے جارہے۔جبکہ گذشتہ سیلاب کے دوران متاثرین کے لیئے گھروں کی تعمیر کا بھی نام و نشان نظر نہیں آیا۔حالانکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملنے والی امداد بھی ہڑپ کی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر مشکل گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑی ہے اور تباہی کے شکار متاثرین کو ہر طرح سے مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے۔متاثرہ علاقوں میں الخدمت کی جانب سے امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں مزید اقدامات بھی کیئے جائیں گے۔اور دور افتادہ علاقوں میں پھنسے افراد تک امداد پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بدین گولارچی سمیت متاثرہ علاقوں کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دیا جائے اور تمام واجبات معاف کرکے کاشتکاروں کی مالی مدد کی جائے۔اس موقع پر انکے ہمراہ جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سید علی مردان شاہ گیلانی، الخدمت فاونڈیشن ضلع بدین کے صدر غلام رسول احمدانی، نائب صدر عبدالکریم بلیدی سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے