راولپنڈ ی(صباح نیوز)دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بنگلا دیش کے خلاف پاکستان ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی، خراب روشنی کے باعث چوتھے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے بغیر کسی نقصان 42 رنز بنا لیے۔قومی ٹیم نے 9 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو 47 کے مجموعی اسکور پر اوپنر صائم ایوب 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد کپتان شان مسعود 62 کے مجموعی اسکور پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کپتان مسعود کے بعد تجربہ کار بلے باز بابر اعظم بھی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ بابراعظم پوری سیریز میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے۔
نائب کپتان سعود شکیل 2 رنز بنا کر آٹ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 43 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے اور حسن محمود کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ 136 کے مجموعی اسکور پر محمد علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔سلمان علی آغا جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 47 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے جبکہ ابرار احمد 2 اور میر حمزہ 4 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری نہیں بنا سکا۔بنگلا دیشی بولر حسن محمود نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں صرف 9 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دی تھیں، عبداللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد صفر پر آوٹ ہوگئے تھے۔ قومی ٹیم کو مہمان ٹیم پر 21 رنز کی برتری حاصل تھی۔
قبل ازیں بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے 274 رنز کے تعاقب میں 262 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،کھیل کے تیسرے روز پاکستانی بالرز نے شاندار کم بیک کیا، خرم شہزاد اور میر حمزہ نے جارحانہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کے ٹاپ 6 بیٹر کو محض 26 رنز کے عوض پویلین بھیج دیا تھا۔بنگلادیش کی جانب سے شادمان اسلام 10، کپتان نجم الحسن شانتو 4 ،مشفق الرحیم 3، شکیب الحسن 2 جبکہ ذاکر حسن اور مومن الحق ایک ایک رنز بناکر آوٹ ہوئے۔بعدازاں لٹن داس اور مہدی حسن میراز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 165 رنز بناکر بنگلادیشی ٹیم کی میچ میں واپسی ممکن بنائی، مہدی 78 رنز اور لٹن داس 138 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ تسکین احمد 1 اور ناہید رانا صفر پر پویلین لوٹے۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 جبکہ میر حمزہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔