کراچی(صباح نیوز) الخدمت کراچی اور شیراز خان جدو ن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے اشتراک سے ہزاروں طلبہ و طالبات کو ویب ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائننگ، ایمزون سمیت آئی ٹی کے مختلف کورسز مفت کروانے کے لیے کے پی ٹی گراؤنڈ میں ہزاروں طلبہ و طالبات کے لیے ”الخدمت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0”کا انعقاد کیا گیا ،شیراز خان انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر شیراز خان جدون نے آئی ٹی کے میدان میں نمایان کارکردگی پیش کرنے والے طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ و ٹیبلٹ پیش کیے ۔قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑا اسٹیج بنا یا گیا جس کے عقب میں تحریر تھا کہLets Rebuild Karachi, Bano Qabil Aptitude Test, Kemari، اب پڑھے گا کیماڑی ، آگے بڑھے گا کیماڑی تحریر تھا جب کہ دائین جانب الخدمت اور بائیں جانب بنوقابل تحریر تھا ۔جماعت اسلامی کی ممبر شب مہم کے سلسلے میں کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا جہاں سے ہزاروں طلبہ و طالبات اور ان کے ساتھ آئے ہوئے والدین نے ممبر شپ فارم پر کیا۔
بنوقابل ٹیسٹ سے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ،چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،امیر ضلع جنوبی و سابق رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید ، نائب امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور، شیراز خان انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر شیراز خان جدون ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع کیماڑی مولانا فضل احد حنیف ، ڈائریکٹر بنوقابل الخدمت فاروق کاملانی ، سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے الخدمت بنوقابل ٹیسٹ 4.0کیماڑی کے ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تقریب کے منتظمین زبردست محفل کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں،بنو قابل پروگرام نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے سنہری موقع ہے،بنوقابل کی شمع حافظ نعیم الرحمن نے جلائی جو آج پورے پاکستان کو روشن کررہی ہے،وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تعلیم و ٹیکنالوجی کے زیور سے آراستہ ہونا ہے،ہمیں اس بات کا بھی عزم کرنا ہے کہ ہمیں اپنے والدین کا دست و بازو بنیں گے اور معاشرے میں تعلیم کو پھیلائیں گے،نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں۔ پاکستان کی آبادی کا 80 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے،اللہ نے پاکستان کو بیش و بہا نعمتوں سے نوازا ہے،نوجوان حالات سے مایوس نہ ہوں، پر عزم ہوکر ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہاکہ صوبہ سندھ میں 73 لاکھ بچوں نے اسکول کی شکل تک نہیں دیکھی،معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،اگر حکومت و ریاست اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہی تو ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،کیماڑی میں الخدمت اور شیراز خان انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے بنوقابل پروگرام شروع کیا جارہا ہے،مایوسی کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں آگے بڑھنا ہے اور ایک قوت بننا ہے،مہنگائی، بے روزگاری، پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے باوجود پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ تعلیم حاصل کریں،جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم جاری ہے شہری مہم کا حصہ بنیں ،عوام حافظ نعیم الرحمن اور جماعت اسلامی کا دست و بازو بن کر اس ملک کے عوام کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالیں گے۔نوید علی بیگ نے کہاکہ حافظ نعیم الرحمن نے دو سال قبل بنو قابل کے نام سے پودا لگایا تھا آج وہ پھل پھول رہاہے۔شیراز خان مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے بنو قابل کے ساتھ اشتراک کیا اور کیماڑی کے بچوں اور بچیوں کے لیے فری آئی ٹی کورسز کا انتظام کیا ہے۔ آئی ٹی کے میدان میں حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے۔ بنو قابل کیماڑی کے ہزاروں طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورسز کا موقع فراہم کررہا ہے۔ بنو قابل 4.0 میں 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات آئی ٹی کی تعلیم حاصل کریں گے۔ الخدمت کے تحت کراچی میں 30 کیمپسس قائم ہیں جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں۔الخدمت کے تحت بنو قابل کا سفر جاری رہے گا۔ اگلے سال آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا پروگرام رکھا جائے گا جو کہ گیم چینجرز ثابت ہوگا۔
سید عبد الرشید نے کہاکہ کیماڑی کے ہزاروں طلبہ و طالبات بنو قابل ٹیسٹ میں شریک ہیں اور آئی ٹی کے میدان میں شامل ہورہے ہیں۔ شیراز خان جدون اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے کم وقت میں کیماڑی کے ہزاروں طلبہ و طالبات کے لیے آئی ٹی ٹیسٹ کا انعقاد کیا۔ مایوسی کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں جماعت اسلامی اور الخدمت نے کراچی کے نوجوانوں کو عملی اقدامات کی طرف بڑھایا ہے۔ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو کسی کارڈ کی طرف نہیں بلکہ خود مختار بنانے کے لیے بنو قابل کا پروجیکٹ پیش کیا۔جماعت اسلامی نے حکومت میں نہ ہوتے ہوئے بھی کراچی سمیت پورے پاکستان میں عوام کو خود مختار بنانے کے لیے بنو قابل پروگرام رکھا ہے۔ اہلیان کیماڑی کی زمہ داری ہے کہ جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں اور کیماڑی کو بہتر اور روشن بنائیں۔سفیان دلاور نے کہاکہ بنو قابل کیماڑی کی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے جنہوں نے انتھک محنت کرکے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا انعقادکیا۔بنو قابل منصوبہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا بنایا ہوا ہے۔بنو قابل پروجیکٹ کا مقصد یہی تھا کہ کراچی کے نوجوان طلبہ و طالبات آئی ٹی کے میدان میں ملک کانام روشن کریں۔بنو قابل پروجیکٹ 1.0 سے شروع کیا تھا الحمدللہ آج بنو قابل 4.0 شروع ہو رہا ہے۔
شیراز خان جدون نے کہاکہ جماعت اسلامی اور شیراز خان انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اہل کیماڑی کے ہزاروں طلبہ و طالبات کو فری کوچنگ فراہم کی جائے گی۔کیماڑی میں اسکولوں میں نقل سسٹم کے خلاف تحریک چلائیں گے۔کیماڑی کے ہزاروں طلبہ و طالبات پڑھنا چاہتے ہیں۔سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو بدلنے کے لیے مہم چلائیں گے۔ ہمیں ذاتی طور پر کچھ نہیں چاہیے،ہم صرف اور صرف عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ سرکاری سطح پر اچھی اور معیاری تعلیم نہیں دی جارہی ہے۔جاگیر داروں اور وڈیروں نے کیماڑی کے عوام کو بھی تعلیم سے محروم کیا ہوا ہے۔کراچی کے شہریوں کو سرکاری سطح پر ملازمتیں بھی نہیں دی جاتی۔جماعت اسلامی کا مقصد انسانون کو انسانوں کی غلامی سے نکالنا ہے۔ہم اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کی جدو جہد کررہے ہیں۔جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم پورے پاکستان میں جاری ہے۔آج ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں ہزاروں طلبہ و طالبات موجود ہیں،وہ جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم میں حصہ لیں اور ممبر بنیں۔#