ہماری عظیم قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے حقیر مفادات کیلئے ہرگز ظالم کا ساتھ نہ دیں، میر واعظ عمر فاروق

سرینگر: مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمین واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری گزشتہ 77برس سے بھارتی ظلم وستم کا شکار ہیں ، ہم نے بے انتہا قربانیاں دی ہیں اور اپنا سب کچھ لٹا دیا ہے لہذا ہماری عظیم قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے حقیرمفادات کی خاطرہرگزظالم کاساتھ نہ دیں۔سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ ہماری صفوں میں کچھ ایسے لوگ موجود ہیں جو ظالموں کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ابن الوقت لوگ ظالم کے آلہ کار بن گئے ہیں اور اپنی ہی قوم کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔ میرواعظ نے کہاکہ اپنے حقیرمفادات کی طرف اپنی لٹی پٹی قوم کو دھوکہ اور ظالم کا ساتھ دینے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ظالموں کی صفوں میںداخل ہوکر اور اپنے ہی لوگوں کو تکلیف پہنچانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہم نے جس قدر قربانیاں دیں، ظلم و ستم سہا ، ہمارے اندراس قدر ان قربانیاں کا شعور و احساس ہونا چاہیے ۔ میر واعظ نے کہا کہ ہمیں اپنے کردار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اگر ہم ظالم کے خلاف آواز نہ اٹھا سکیں تو کم از کم اسکا آلہ کار بھی نہیں بننا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ ظالم کا ساتھ دینے کے بجائے بہتریہ ہے کہ ہم اپنے گھروں تک محدور رہیں۔

اس موقع پر میر واعظ نے حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدوم کشمیری کی زندگی اور تعلیمات کو کشمیر ی مسلمانوں کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے  کہا کہ انکی اسلام اور اصلاح معاشرہ کے لیے عظیم خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے سلطان العارفین شیخ حمزہ کو کشمیریوں کا حقیقی محسن قرار دیا۔ انہوں نے سلطان العارفین شیخ حمزہ کو انکی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔