کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے حالیہ مون سون کی طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں اورندی نالوں میں ظغیانی سے سندھ ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مالی اور جانی نقصان پر شدید تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے، انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث سندھ صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں کے شہری پہلے ہی غربت اور پسماندگی کا شکار ہیں، حالیہ طوفانی بارشوں سے انکے کچے مکانات ،کھڑی فصلیں تباہ اور مال مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں جس کی وجہ سے بدین،ٹھٹہ، میرپورخاص، حیدآباد،ٹنڈومحمد خان، مٹیاری ،سانگھڑ ،عمرکوٹ اور تھرپارکراضلاع میں ہنگامی اور قحط کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، اسلئے ضرورت اس بات کی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت متاثرین کیلئے بڑے پیمانے پر ہنگامی بنیادوں پر مناسب ریلیف کا انتظام ،مالی وجانی نقصانات کا ازالہ کرے اور بارشوں سے متاثرین کیلئے فوری طور پر امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔سولہ سالوں سے مسلسل سندھ پر حکمرانی کرنے والی جماعت کے نام نہاد نمائندے،وزراء اور مشیر بدترین صورتحال میں لاپتہ جبکہ عوام مشکلات کا شکار ہیں جن کا کوئی والی وارث نہیں،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ان کی کابینہ محض فوٹوسیشن اور بیان بازی میں مصروف ہے،گائوں گوٹھوں اور شہروں کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی کھڑاہونے سے مختلف بیماریاں پھیلنے کاخدشہ پیدا ہوگیا ہے اسلئے حکومت فی الفور پانی کے نکاس کیلئے مؤثراقدامات کرے ۔صوبائی امیر نے الخدمت فائونڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضاکاروں کو متاثرہ افراد کیلئے راشن، پکے پکائے کھانے،ترپال ،ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا انتظام کرنے کیلئے ضروری اور تیز اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام ہمارے اپنے ہیں جنہیں اس دکھ اور مصیبت کی گھڑی میںہرگز اکیلا نہیں چھوڑیں گے، جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن اپنے بھائیوں کی بھرپور مدد کرے گی۔
Load/Hide Comments