سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن محترمہ فریدہ بہن جی نے بابائے حریت قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی شاہ گیلانی کو ان کے تیسرے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم اپنے قائدکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکم ستمبر کو حیدرپورہ میں ان کے مزار پر جاکر فاتحہ خوانی کریں ،عظیم قائد آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں زندہ ہیں
قائد حریت سید علی گیلانی کے تیسرے یوم شہادت پر اپنے خصوصی پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ سید علی گیلانی کی تعلیمات، جدوجہد اور قربانیاں مظلوم کشمیریوں کے لیے ایک نمونہ ہیں،آخری دم تک وہ کشمیرکاز کے لئے لڑتے رہے اور بھارتی حکمرانوں پر ان کا خوف سوار تھا اس وجہ سے علی گیلانی کو کئی سال تک گھر میں نظر بند رکھا گیا اور تمام بنیادی آزادیوں اور سہولیات سے محروم رکھا گیا جس کے نتیجے میں ان کی شہادت ہوئی۔ فریدہ بہن جی نے کہاکہ سید علی گیلانی اگرچہ ہم میں موجود نہیں۔مگر ان کے اصول و نظریات ھماری رہنمائی کیلئے موجود ہیں اور اور ان کے مشن کو منزل کے حصول تک جاری رکھا جائے گا
حریت رہنماء نے کہاکہ شہید سید علی گیلانی کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کے زبردست حامی تھی ان کا یہ نعرہ ہم پاکستانی ہیں اورپاکستان ہمارا ہے آج بھی کشمیر کے چپے چپے پر گونجتا ہے ،انہوں نے کہاکہ شہید قائد نے جس مشن کے لئے اپنی جان قربان کی وہ مشن کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے ملنے تک جاری رہے گا اور اس میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی کشمیریوں کی جدوجہد کی ایک علامت تھے ، ان کی زندگی اور قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں انہوں نے اپنی پور ی زندگی جدوجہد آزادی کے لئے وقف کررکھی تھی ،ان کی حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد میںے مثال خدمات اور لازوال کردار کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، قابض بھارتی حکام کی طرف ظلم وستم کے باوجود مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہے کبھی اپنے اصولی موقف پرسمجھوتہ نہیں کیا ،بہادری اور بے باکی کے ساتھ کشمیریوں کی جائزجدوجہد کی ترجمانی کی۔
فریدہ بہن جی نے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ اپنے قائد کو خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے ان کی تیسری برسی پر گھروں سے باہرآئیں اور ان کے مزار حیدر پورہ سرینگر جاکر فاتحہ خوانی کریں ،جہاں قابض انتظامیہ نے رات کی تاریکی میں انہیں اپنی وصیت کے خلاف دفن کیا ۔فریدہ بہن جی نے کہاکہ شہید سید علی گیلانی کے لئے مزار شہداء سرینگر میں قبر کے لئے جگہ مختص ہے وصیت کے مطابق سید علی گیلانی کو مناسب موقع پر وہاں ہی دفن کیا جائے گا،