صرف ہتھیار ڈالنے اور آئین کو ماننے والوں سے بات چیت ہوگی،وفاقی وزیر داخلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صرف ہتھیار ڈالنے اور آئین کو ماننے والوں سے بات چیت ہوگی، فتنے کا سر سختی سے کچلا جائے گا، دہشت گرد گروہوں سے کو ئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی گورنر ہاؤس بلوچستان پہنچے جہاں انہوں نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کی، ملاقات میں بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی پرزور مذمت کی گئی جبکہ شہدا کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لئے ہر سطح پر فوری اقدامات کئے جائیں گے، صرف ہتھیار ڈالنے اور آئین کو ماننے والوں سے بات چیت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس فتنے کا سر سختی سے کچلا جائے گا، دہشت گرد گروہوں سے کو ئی مذاکرات نہیں ہوں گے،وزیر اعظم کی صدارت میں ایپکس کمیٹی میں ریاست کونہ ماننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث کسی گروہ سے کو ئی رعایت نہیں ہوگی، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے لیکن ریاست کی رٹ کسی کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کا وقت آگیا ہے، ہمارے لوگوں کو شہید کرنے والوں کو بھاگنے یا چھپنے نہیں دیں گے۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام ایک ہیں، چند عناصر امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، جعفر خان مندوخیل نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کئے فیصلوں کو بروقت اور قیام امن کے لئے ناگزیر قرار دیا۔