کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور تنخواہ دار طبقے و تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 28اگست کو کراچی سے خیبر تک ملک گیر، پُر امن کامیاب اور مکمل شٹر ڈائون ہڑتال پر پورے ملک کی تاجر برادری ، عوام اور ان تمام طبقات جنہوں نے ہڑتال کی حمایت کی ‘ سے بھر پور اظہار ِ تشکر اور مبارکباد پیش کرتے ہیں ، تاجرو صنعتکاروں اور عوام کے بے مثال اتحاد نے ناممکن کو ممکن بنایا اور اعلان کر دیا ہے کہ حکومت کی صنعت و تجارت ، معیشت کو تباہ کرنے اور عوام کو بد حال کرنے والی پالیسیاں کسی طور پر منظور نہیں ،حکومت ہوش کے ناخن لے ، کامیاب شٹر ڈائون ہڑتال نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر تمام طبقات میں اتحاد و یکجہتی ہو تو حکمرانوں کو بہت واضح اور مؤ ثر پیغام دیا جاسکتا ہے اور مجبور کیا جا سکتا ہے کہ وہ جائز مطالبات تسلیم کریں ، اب حکومت کو عوام اور تاجروں کے مطالبات ماننے پڑیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوآپریٹو مارکیٹ صدر میں مختلف تاجر تنظیموں کے رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کراچی کے صدر محمود حامد ، صدر کو آپریٹو مارکیٹ کے جنرل سیکریٹری محمد اسلم خان ، کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حاجی ناصر ترک ، تاجر رہنما رئوف ابراہیم نے بھی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی اور واضح کیا کہ ہم حکومت کے کسی لولی پاپ کو قبول نہیں کریں گے ۔ حکومت ملک گیر کامیاب اور مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کے بعد تاجردوست اسکیم واپس لے ، بجلی کے بھاری بھر کم بل کم اور آئی پی پیز کے عوام دشمن ظالمانہ معاہدوں پر نظر ثانی کرے ، اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو طویل اور غیر معینہ مدت تک بھی ہڑتال ہو سکتی ہے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے، منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ تاجر سمیت ہر طبقہ ٹیکس دینے کو تیار ہے لیکن ظلم و نا انصافی کے ساتھ زبردستی کچھ مسلط کیا گیا تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا ، حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات کم کریں ، وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگا ئیں ، بجلی سستی کریں ، آئی پی پیز کو کیپیسٹی چارجز کے نام پر اربوں روپے دینا بند کریں ، کے الیکٹرک کی سرپرستی بند اور اس کی لوٹ مار ،اووربلنگ و لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیںاور جماعت اسلامی سے کیے گئے معاہدے کے مطابق عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیں، منعم ظفر خان نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کی معیشت ، تجارت ، صنعت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ، تنخواہ دار طبقہ جو پہلے ہی ٹیکس ادا کرتا ہے اس پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا ہے ، تاجر دوست اسکیم کے نام پر تاجرو تجارت دشمن اسکیم مسلط کی جا رہی ہے ، انڈسٹری پر بھی ایکسپورٹ ٹیکس لگا دیا گیا ہے ، یہ ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں ، ملک گیر کامیاب ہڑتال نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ اب ملک کے عوام کو زرداری اور شریف فیملی کی حکومتی پالیسیاں قبول نہیں اور حکمران سن لیں کہ ان کے خلاف ایک مؤثر تحریک آگے بڑھ رہی ہے ، پُر امن ، جمہوری ، آئینی اور سیاسی مزاحمت اور جدو جہد اور اتحاد کے باعث زبردست ہڑتال کے ذریعے حکمران ٹولے اور اشرافیہ کے خلاف ملک بھر میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے ، ان کی ملک اور عوام دشمن پالیسیوں اور بھاری بھر کم ٹیکسوں سے ہر طبقہ پریشان ہے اور حکمرانوں کے خلاف ایک لاوا پک رہا ہے ، عوام اب اپنا حق لے کر رہیں گے ،محمود حامد نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری نے بھی مکمل اتحاد و یکجہتی کے ساتھ حکومت کے عوام و تاجر دشمن اقدامات اور پالیسیوں کے خلاف بھر پور احتجاج اور ہڑتال کر کے ثابت کر دیا ہے کہ تاجر ظالمانہ فیصلے قبول نہیں کریں گے ۔ آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں نے ملک اور عوام کو کنگال کر دیا ہے ، ہم حافظ نعیم الرحمن کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے اس گورکھ دھندے کو بے نقاب کیا ۔ ہماری ہڑتال صرف نام نہاد تاجر دوست اسکیم کے خلاف نہیں بلکہ مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف بھی تھی ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام آئی پی پیز کا آڈٹ اور اس پورے عمل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور عوام و تاجروں کو بجلی کے بھاری بلوں اورکے الیکٹرک کی لوٹ مار سے بھی نجات دلائی جائے ۔ محمد اسلم خان نے کہا کہ کامیاب اور مکمل ہڑتال کے بعد اب حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئے اور فوری طورپر ایکشن لینا چاہیئے ۔ حکومت کی پالیسیوں سے ملک بھر کے عوام اور تاجر و صنعتکار سخت پریشان اور نالاں ہیں جس کا اظہار ہڑتال کی صورت میں سامنے آیا ہے ۔ حاجی ناصر ترک نے کہا کہ آج کی ہڑتال نے ثابت کر دیا ہے کہ چند فیصد اشرافیہ طبقہ ملک کی اکثریت کو زیادہ عرصے تک دبا کر نہیں رکھ سکتا ، حکومت ہڑتال کی صورت میں پُر امن احتجاج کو نظر انداز نہیں کر سکے گی ۔رئوف ابراہیم نے کہا کہ بجلی کے بھاری بل صرف غریب عوام ہی نہیں بلکہ تاجروں و صنعتکاروں کے لیے بھی عذاب بنے ہوئے ہیں ، ودہولڈنگ ٹیکس سے مہنگائی میں 20سے 25فیصد اضافہ ہو جائے گا ، اسکولوں کی فیسیں ، دوائیاں ، بچوں کا خشک دودھ سب کچھ مہنگا ہو گیا ہے ، ملک میں 50فیصد دکاندار کرائے پر ہیں ، تاجر دوست اسکیم کے نام پر تاجر اور تجارت کی تبای و بربادی کسی طرح بھی قبول نہیں ۔#