گھوٹکی(صباح نیوز)گھوٹکی کے علاقے رونتی کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے صحافی محمد بچل گھنیو کو قتل کردیا۔صحافی بچل گھنیو ٹی وی چینل کے رپورٹر تھے ، بچل گھنیو صبح زرعی اراضی پرجارہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔
پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان صحافی کو قتل کر کے فرار ہو گئے، صحافی کی لاش اوباڑو ہسپتا ل منتقل کر دی گئی۔ مقتول صحافی بچل گھنیو کے بیٹے نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ والد کی برادری کے کچھ افراد سے دشمنی تھی۔انہوں نے بتایا کہ دشمنی پر فیصلہ ہو چکا تھا لیکن پھر بھی والد کو قتل کر دیا گیا، کچھ سال پہلے بھی مخالفین نے حملہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے میں صحافی کے قتل کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلی سندھ نے صحافی محمد بچل کے جاں بحق ہونیپر افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ شہید صحافی بچل گھنیو کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سزا دلوائی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں، اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔