اسلام آباد (صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ د ہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،ملک دشمن عناصر ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے قلات میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ،وزیرِ اعظم نے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس و لیویز اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کیا ہے ، شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہدا کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے وزیرِ اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے واقعہ کی فوری تحقیقات اور ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے ۔انہوںنے کہا کہ د ہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ،قیامِ امن کیلئے پولیس و سکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی ،ملک دشمن عناصر ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دہشت گردوں کے ملک میں انتشار پھیلانے کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔